سپیکر پنجاب اسمبلی سے معطل اراکین کی ملاقات، مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)سپیکر پنجاب اسمبلی سے معطل اراکین کی ملاقات، مذاکرات جاری رکھنے اور سینئر پر مشتمل مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کرلیا گیا۔

اہم مشاورتی اجلاس میں اپوزیشن کے معطل اراکین ، حکومتی نمائندگان و دیگر پارلیمانی قائدین نے شرکت کی،حکومت و اپوزیشن کی جانب سے باہمی مذاکرات کی تجویز کو سپیکر ملک احمد خان نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھرپور خیر مقدم کیا اور مشاورت کے عمل کو موثر بنانے کےلئے حکومت و اپوزیشن کی رضا مندی سے سینئر اراکین اسمبلی پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ مسئلے کاآئینی، قانونی و پارلیمانی طریقے سے حل نکالا جا سکے۔

ملک احمد خان نے کہامذاکرات ،مشاورت پارلیمانی جمہوریت کی روح ہیں، مثبت، باوقار ،آئینی طرز عمل کے ذریعے ہر اختلاف کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پارلیمانی لیڈرز کی اگلی میٹنگ اتوار کے روز پنجاب اسمبلی میں ہوگی، صدارت سپیکر خود کریں گے۔

ادھر ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی،ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا مجھے اسمبلی پروسیجر رولز کے تحت چلنا ہے، احتجاج کرنا تو حق ہے لیکن نشست پر کھڑے ہو کر،کسی کو حق حاصل نہیں میری نشست تک پہنچے اور ایوان میں جتھہ بنا کر دھمکائے اگر سینئر اراکین درمیان میں نہ آتے تو شاید جسمانی تصادم ہو جاتا، ایوان میں ممبران خصوصاً خواتین کا احترام سب پر فرض ہے،ملک احمد خان نے کہامنفی طرز عمل ایوان کے تقدس کی توہین ہے، کسی صورت برداشت نہیں۔

معطل اراکین اسمبلی نے کہا احتجاج کرنا حق ہے، آپ احتجاج کرنے سے نہیں روک سکتے،چاہتے ہیں ایوان اسمبلی پروسیجر رولز کے تحت چلے، آپ کےساتھ چلنے کو تیار ہیں، جمہوری رویہ اپنانا ہوگا، جمہوریت میں ہر کسی کو احتجاج کرنے ،اپنا موقف سامنے رکھنے کا حق ہے،اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا معاملہ حل کرکے آگے نکلنا ہوگا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا میں بھی چاہتا ہوں معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو ،کمیٹی تشکیل دیتا ہوں تاکہ دونوں بیٹھ کر معاملات کو ایک پیج پر لائیں، غلطی کرنے والے معذرت کرلیں قبول کرلوں گا۔