معطل اراکین کیخلاف نااہلی ریفرنسز پر کارروائی شروع ، اپوزیشن کی پنجاب اسمبلی کے باہر بیٹھک

لاہور ( اپنے رپورٹر سے )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے 26 معطل ارکان کے خلاف آئینی ریفرنسز پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق، یہ ریفرنسز آئین پاکستان کے آرٹیکل 63(2) کو آرٹیکل 113 کے ساتھ ملا کر دائر کئے گئے ہیں جن میں متعلقہ ارکان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی کو یہ ریفرنسز باقاعدہ طور پر موصول ہو چکے ہیں، جن پر آئینی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے سپیکر نے تمام 26 معطل اراکین اسمبلی کو ذاتی سماعت کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سپیکر ملک احمد خاں نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 10A کے تحت ہر رکن کو شفاف سماعت کا حق حاصل ہے اور پنجاب اسمبلی آئینی دائرہ کار میں مکمل انصاف کو یقینی بنائے گی۔ذاتی سماعت 11 جولائی 2025 بروز جمعہ، صبح 11 بجے، سپیکر کے چیمبر، نئی اسمبلی عمارت، لاہور میں منعقد کی جائیگی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی آئینی طور پر 30 روز کے اندر ان ریفرنسز پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں۔ملک احمد خاں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ریفرنسز پر کارروائی مکمل غیرجانبداری، شفافیت اور آئینی اصولوں کی روشنی میں کی جائیگی تاکہ جمہوری عمل کو مضبوط اور معتبر بنایا جا سکے۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے باہر سیاسی منظر نامہ مختلف دکھائی دیا۔ اپوزیشن نے معطل ارکان کی اسمبلی سے جبری بیدخلی کے خلاف سخت احتجاج کیا اور اسمبلی کے باہر ہی ”اپنی حقیقی اسمبلی“ لگا لی۔ اس علامتی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما اعجاز شفیع کو سپیکر منتخب کیا گیا جبکہ دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔اسمبلی کے باہر اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں غیر قانونی طور پر ایوان سے نکالا گیا اسی لئے ہم اپنی جمہوری اسمبلی لگانے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے اور پنجاب کا بجٹ فراڈ پر مبنی ہے۔ملک احمد بچھر نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بارش کے بعد پورا لاہور پانی میں ڈوب چکا ہے لیکن حکومت بجائے مسائل حل کرنے کے، جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔ اس دوران پنجاب اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ خاردار تاریں اور بیریئر بھی لگا دئیے گئے تھے تاکہ اپوزیشن کے احتجاج کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قائم کی گئی ’حقیقی اسمبلی‘ کے اجلاس میں حکومت کی بے جا اخراجات اور غیر ضروری تشہیر کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں رکن اسمبلی ملک فہد کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں موجودہ حکومت پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرکاری تشہیری مہم چلانے کا الزام عائد کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت نے ملکی وسائل کو ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کیا، جو عوام کے ٹیکس کا صریحاً غلط استعمال ہے۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ حکومت کے خرچ پر کی جانے والی ہر قسم کی ذاتی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور غیر ضروری و شاہانہ اخراجات کو فی الفور روکا جائے۔ اپوزیشن ارکان نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بحران کے شکار عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے۔ اپوزیشن نے زور دیا کہ حکمرانوں کو اپنی عیش و عشرت کی عادت ترک کرنی ہوگی اور عوامی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔