طوفانی بارشیں،نشیبی علاقے زیر آب،سڑکیں تالاب،بجلی غائب،متعدد افراد جاں بحق


اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ ،گجرات،فیصل آباد،سیالکوٹ،نارووال ،حافظ آباد: (بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)ملک بھر میں طوفانی بارشیں،نشیبی علاقے زیر آب،سڑکیں تالاب،بجلی غائب،متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔

لاہور میں 8گھنٹے بارش کے تاریخی اسپیل نے نیا ریکارڈ بنادیا،نظام زندگی جام،کئی مقامات پر بارش کا پانی گھروں ،مارکیٹوں میں داخل ہو گیا،انڈر پاسز بھی ڈوبے رہے ، گاڑیاں ،موٹر سائیکلیں بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا،فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے،ہلاکتیں چھتیں،دیواریں گرنے سے ہوئیں،مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی و سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔

ادھراین ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں ، سیلاب کے باعث 26جون سے 9 جولائی کے دوران مختلف حادثات میں 87افراد لقمہ اجل بنے،متعدد املاک،3پلوں کو شدید نقصان پہنچا،71مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔