راولپنڈی میں نواز شریف فلائی اوور ،جی پی او انڈر پاس کا افتتاح

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ مریم نواز نے راولپنڈی میں 8 ارب 77 کروڑ کے میگا پراجیکٹس کا افتتاح کر دیا۔

مریم نواز نے اڈیالہ روڈ نواز شریف فلائی اوور اور مال روڈ جی پی او چوک کے انڈر پاس کا باقاعدہ آغازکیا،راولپنڈی شہر میں ٹریفک کی روانی کےلئے 2میگا پراجیکٹس اعلیٰ تعمیرات کے معیار کےساتھ ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے، وزیراعلیٰ کی آمد پر عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا، صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو ملک صہیب بھرت اور سیکرٹری سہیل اشرف نے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا راولپنڈی میں 607 کلومیٹر طویل 67 روڈز کے پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں جن میں سے51 روڈز پراجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں، نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پا س سے تقریبا 3 لاکھ گاڑیاں گزریں گی، اڈیالہ روڈ پر کچہری چوک سے شروع ہونے والے نواز شریف فلائی اوور سے جی ٹی روڈ رنگ روڈ اور چکری انٹر چینج موٹروے سے گزرنے ٹریفک مستفید ہوگی، عوام کو نواز شریف انٹر چینج پر سفر کرنے سے ایک گھنٹے سے زائد وقت اور لاکھوں کے پٹرول وغیرہ کی بچت ہوگی، نواز شریف فلائی اوور سے گورکھ پور، اڈیالہ، خالصہ خورد، خالصہ کلاں، ڈھلاں، جرار کیمپ، ڈھوک اعوان، سنگرال اور دیگر آبادیوں کی ٹریفک بھی مستفید ہوگی۔

نوازشریف فلائی اوورکے اطراف میں دو کلومیٹر تک سروس روڈ بھی تعمیر کی گئی ہے، راولپنڈی مال روڈ پر جی پی او چوک، ٹی ایم چوک سگنل فری کوریڈور سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد گاڑیاں گزریں گی، اے ایف آئی سی کے پاس عوام کی سہولت کےلئے پیدل گزرنے والوں کےلئے انڈرپاس منصوبے میں شامل ہے، جی پی او انڈر پاس پراجیکٹ میں پہلی بار جدید ترین انٹیلی جنٹ سگنل سسٹم نصب کیے گئے ہیں، مال روڈ پر بننے والے تقریباً 2 کلومیٹر طویل انڈر پاس سے کشمیر روڈ کے ذریعے نیشنل ہائی وے این فائی تک رسائی آسان ہوگی، جی پی او چوک انڈر پاس سے روزانہ سی ایم ایچ، ایم ایچ اور اے ایف آئی سی آنے والے لاکھوں مریضوں کو بھی سہولت ہوگی، جی پی اوچوک انڈر پاس سے صدر بازار،یلوے سٹیشن اور دیگر علاقوں کے گزرنے ٹریفک کو بھی آسانی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا عوام کی سہولت کےلئے بننے والے تمام ترقیاتی منصوبے ترجیح ہیں، کچہری روڈ اور مال روڈ کی ری ماڈلنگ بھی کی جائےگی، انڈرپاس اور فلائی اوور بننے سے راولپنڈی کے عوام کےلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، عوامی فلاحی پراجیکٹ کا آغاز راولپنڈی کے عوام کےلئے تاریخی اور خوشگوار ثابت ہوگا، راولپنڈی کے عوام کی سہولت کیلئے بننے والے پراجیکٹس تکمیل کےلئے تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہتی ہوں۔

ادھر مریم نواز نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا 50 ارب کی لاگت سے صوبے میں پانی کی کمی کو پورا کریں گے، جنوبی پنجاب میں بھی صاف پانی مہیا کیا جائےگا، پنجاب کے ہر شہر میں سیوریج کا نظام بہتر کیا جائیگا،ن کر حیرانی ہوئی کہ واسا صرف چار پانچ شہروں میں کام کرتا ہے، پنجاب کے ہر شہر تک واسا کو پھیلا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشوںکے پیش نظر تمام اداروں کو ہائی الرٹ ، واسا، پی ڈی ایم اے،لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 ،ٹریفک پولیس ،واسا افسروںکو فیلڈ میں رہنے ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیدیا، وزیراعلیٰ نے کہا بارش کا پانی کھڑا رہنے سے عوام کو ہونےوالی دشواری کا بروقت ازالہ کیا جائے۔