اسلام آباد، سندھ، پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد،کراچی، پشاور: (بیورورپورٹ) اسلام آباد، سندھ، پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے حلف اٹھا لیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار سرفراز ڈوگر کی حلف برداری تقریب ایوان صدر میں ہوئی ،صدر مملکت آصف زرداری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے حلف لیا، تقریب میں سینئر وکلا کی بڑی تعداد شریک ہوئی،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی حلف برداری تقریب میں موجود تھے۔

قبل ازیں سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس جنید غفار سے حلف لیا جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے حلف لیا۔

بعدازاں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جنید غفار نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، مزار قائد آمد پر پاکستان نیوی کے دستے نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس جنید غفار کو سلامی پیش کی، سینئر پیونی جج جسٹس ظفر احمد راجپوت و دیگرججز بھی موجود تھے۔