اتصالات حکومتی پالیسیوں سے مطمئن،پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا عزم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پرایف بی آر نے ملکی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی ذہانت پر مبنی کسٹمز کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ، مقصد کسٹمز نظام میں شفافیت، خودکاری اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا ہے،اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق درآمد و برآمد کی اشیاءکی لاگت اور نوعیت کا اندازہ اب جدید ٹیکنالوجی یعنی مصنوعی ذہانت اور باٹس کی مدد سے لگایا جائے گا، سسٹم مشین لرننگ کے ذریعے خود کو مسلسل بہتر بناتا رہے گا، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ کرپشن کے امکانات بھی کم ہوں گے، نئے سسٹم کی ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران 92 فیصد سے زائد بہتری دیکھنے میں آئی، اس دوران ٹیکس وصولی کےلئے 83 فیصد زائد گڈز ڈیکلریشن کی نشاندہی ہوئی اور ڈیڑھ گنا زائد کلیئرنس گرین چینل کے ذریعے مکمل کی گئی،نیا رسک مینجمنٹ سسٹم کسٹمز حکام پر دباو کم کرے گا، انسانی مداخلت محدود ہوگی اور کاروباری افراد کو تیز رفتار سہولت میسر آئے گی، اشیاءکی درجہ بندی اور لاگت کا موثر تخمینہ فوری لگنے سے پورا نظام شفاف اور نتیجہ خیز ہو جائے گا،وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ٹیکس نظام میں شفافیت اور بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ٹیکنالوجی پر مبنی نظام سے کاروباری ماحول بہتر ہوگا اور ٹیکس دہندگان کو زیادہ سہولت میسر آئے گی،وزیراعظم نے سسٹم کو مربوط اور پائیدار بنانے کی ہدایت دی اور رسک مینجمنٹ نظام کی تشکیل میں حصہ لینے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا،اجلاس کو ویڈیو اینالیٹکس پر مبنی مینو فیکچرنگ سیکٹر میں ٹیکس وصولی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا،نظام سے ٹیکس کی وصولی خودکار، شفاف اور انسانی مداخلت سے پاک ہوگی جس سے حکومتی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا، نظام کم لاگت کا حامل ہے اور اس کی ابتدائی ٹیسٹنگ میں 98 فیصد افادیت نوٹ کی گئی،مزید بر آں وزیراعظم شہباز شریف نے اتصالات گروپ کو پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تمام بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے،سی ای او اتصالات نے طویل مدتی اور کامیاب سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا،وزیراعظم شہباز شریف سے اماراتی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی اتصالات گروپ کے 5رکنی وفد نے سی ای او داو¿دار کی قیادت میں ملاقات کی،شہباز شریف نے کہا پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات مشترکہ ثقافت، بھائی چارے اور مذہبی اقدار پر مبنی ہیں، اماراتی کمپنیاں پاکستانی معیشت میں عرصہ دراز سے سرمایہ کاری کر رہی ہیں،اتصالات گروپ پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرے، حکومت تمام سہولیات فراہم کرے گی، سی ای او اتصالات حاتم داو¿دار نے حکومتی سرمایہ دوست پالیسیوں اور بہتر ماحول کی فراہمی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان میں گزشتہ 19 سال سے کامیاب سرمایہ کاری کر رہے ہیں،مزید کاروبار کے خواہاں ہیں،علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے ، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کر دی،وزیر اعظم نے دریائے سندھ اور دیگر دریاو¿ں سے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو فوری حفاظتی انتظامات و اقدامات نافذ کرنے کی ہدایت کی،شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تعاون مزید مربوط بنانے اور صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی روابط مضبوط کرنے کی ہدایت کر دی،وزیراعظم نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو عوام کو آگاہ رکھنے کےلئے تمام دستیاب ذرائع سے حقیقی و تازہ صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت ہوئے کہا تربیلا ڈیم سپل وے آپریشن سے دریائے سندھ کے زیریں اضلاع میں طغیانی بڑھنے کا خدشہ ہے، تمام صوبوں کی انتظامیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عوام کےلئے مو¿ثر آگاہی مہم جاری رکھے،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر میڈیا پر غیر محفوظ اور کم محفوظ علاقوں کی وضاحت کرے جہاں پر اونچے، درمیانے اور کم درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے تاکہ عوام کو بروقت انتباہ کیا جاسکے،شہباز شریف نے ہدایت کی یقینی بنایا جائے صوبوں کی انتظامیہ کسی بھی صورتحال سے قبل از وقت نمٹنے کےلئے اپنی تیاری مکمل رکھے، این ڈی ایم اے اس امر کو یقینی بنائے،دریں اثناءوفاقی حکومت نے رواں مالی سال میں بھی کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اخراجات قابو میں رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،نوٹیفکیشن کے مطابق گذشتہ3 سال سے خالی تمام ا سامیاں ختم کردی گئی ہیں اور نئی آسامیوں کی تخلیق ،رواں مالی سال ہر قسم کی گاڑیوں ، مشینری اور آلات کی خریداری ،حکومتی اخراجات پر ملک سے باہر علاج پر پابندی برقرار رہے گی،ادھر وزیر اعظم شہبازشریف کے آئندہ دورہ چین کی تیاریاں شروع ہو گئیں، وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام صوبوں کو سرمایہ کاری منصوبے مرتب کرنے کی ہدایت کر دی گئی،بورڈ آف انویسٹمنٹ نے چین کےساتھ پاکستان کی سرمایہ کاری اور بزنس انگیجمنٹس کا ڈیٹا طلب کر لیا، وزیر اعظم کا دورہ چین اگست 2025 کے آخر میں متوقع ہے۔