اسلام آباد ،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے) پنجاب کے 26اپوزیشن اراکین پر نااہلی کی تلوار،سپیکر ملک احمد خان نے ریفرنس دائر کردیا،ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی اور ریفرنس دائر کیا۔
بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہاگالیاں دینے ،ہلڑ بازی ، حملہ کرنے اور گریبان پکڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کوئی بھی سیاسی جماعت یہ کرے، میں آئین کےلئے مقدمہ لڑوں گا،آئین کی خلاف ورزی اور حلف کی پاسداری کرنے کا قسم اٹھانا اور پھر خلاف ورزی کرنا کس زمرے میں آتا ہے؟ منتخب ہو کر اسمبلی میں آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا جاتا ہے پھر اسی حلف کی خلاف ورزی کی جاتی ہے، پنجاب اسمبلی کے 26 ارکان کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا،میں ڈیڑھ سال سے تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہوں، ہاوس میں مس کنڈکٹ کو جرم سمجھتا ہوں اور یہ جمہوری رویوں کےخلاف ہے
ملک احمد خان نے کہا مجھے اپنے منصب کا حق ادا کرنا ہے، گالیاں دینا جمہوریت نہیں، واحیات رویہ جمہوریت سے دشمنی ہے،پی ٹی آئی والوں نے فارم 47 کا تماشہ لگایا ہوا ہے،اس وقت پارلیمان کی یہ صورتحال ہے کہ کوئی وزیر خزانہ پچھلے 15 برسوں سے بجٹ تقریر تک نہیں کر سکتا، کیا عوام کا یہ حق نہیں کہ وہ جان سکیں بجٹ تقریر میں کیا بولا جا رہا ہے، میں صرف آئین کی پاسداری چاہتا ہوں،حلف کی خلاف ورزی دراصل آئین سے انحراف ہے اور آئین سے منحرف ہونے پر آئین خود نااہلی کو واجب قرار دیتا ہے، اسمبلی کے نظم و ضبط، آئینی روایات اور جمہوری اقدار کو قائم رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پنجاب کے 26اپوزیشن اراکین پر نااہلی کی تلوار،الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر

















