پاکستان پانی کی کمی سے متاثرہونےوالا 15واں ملک بن جائےگا،چیئرمین این ڈی ایم اے
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہاہے پاکستان رواں سال پانی کی کمی سے متاثرہونے والا 15واں ملک بن جائے گا،قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی نے ابتدائی وارننگ سسٹم کی افادیت پر سوالات اٹھا دیئے۔
دوران اجلاس قائمہ کمیٹی اراکین نے مون سون بارشوں اور نقصانات پر این ڈی ایم اے کی بریفنگ پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا این ڈی ایم اے بچاو کے پیشگی اقدامات کیوں نہیں کرتا، کیا کام صرف سیلاب متاثرین کو امدادی سامان پہنچانا رہ گیا ،آنے والے دنوں میں پھر سے بارشیں متوقع ہیں، لوگوں کو محفوظ بنانے کےلئے کیا اقدامات کر رہے ہیں ؟ جب سیلاب لوگوں کے گھر تک جاتا ہے پھر این ڈی ایم اے کھانا اور ریلیف سامان بھجوا رہا ہوتا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا مسائل زیادہ تر صوبائی نوعیت کے ہوتے ہیں جب آفات اپنی حد سے بڑھ جائیں تو این ڈی ایم اے مدد فراہم کرتا ہے، ڈی ڈی ایم اے (ضلعی سطح کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کو بھی مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ صلاحیت محدود ہے،شہری علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال اربن فلڈنگ کا باعث بن رہی ہے،صوبائی حکومتوں سے اپیل ہے دریاوں کنارے یا پانی کے قدرتی بہاو کی جگہوں پر انسانی آبادیوں کو نہ بسایا جائے۔
این ڈی ایم اے حکام نے گلیشئرز کی مانیٹرنگ پر بریفنگ دیتے کہا ادارہ مانیٹرنگ پورٹل کے ذریعے گلیشئرز پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، گلیشئرز پگھلنے سے مستقبل میں پانی و سیلاب کے خطرات بڑھ سکتے ہیں،چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا ادارے کے پاس جدید کنٹرول روم، ڈرونز و دیگر ٹیکنالوجی موجود ہے جو 100 کلوتک سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،کمیٹی اراکیننے مشورہ دیا این ڈی ایم اے آفت زدہ علاقوں کے ممبران قومی اسمبلی کو ساتھ رکھا کرے اور مشکل صورتحال میں سمندر پار پاکستانیوں کو ساتھ ملائے۔

















