نشتر ٹاﺅن میں سرکاری کارندوں کا قومی خزانے کو 33 کروڑ کا ٹیکہ

لاہور (انوسٹی گیشن سیل / میاں ذیشان سے) اسٹامپ ایکٹ اور رجسٹریشن ایکٹ کی خلاف ورزی، نشتر ٹاﺅن کے سابقہ سب رجسٹرار اور رجسٹری محررز نے جائیداد منتقلی کی بابت ٹیکسوں کی خرد برد میں حکومتی خزانے کو مبینہ طور پر 33 کروڑ روپے کے ریونیو سے محروم کر دیا ہے۔ اسٹامپ ڈیوٹی، اہل کمیشن فیس، رجسٹریشن فیس، موازنہ فیس اور کیپٹل ویلیو ٹیکس ڈپٹی کمشنر کے طے شدہ ریٹس سے کم شرح پر وصول کئے جانے اور عدم ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے۔ 4 ہزار سے زائد دستاویزات ریکارڈ روم میں گمشدہ قرار جبکہ 10 ہزار زائد دستاویزات کا ریکارڈ روم میں جمع نہ ہونے کے باعث ٹیکسز کا آڈٹ مکمل نہ ہو سکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو کی آڈٹ و انسپکشن برانچ کی جانب سے سابقہ ممبر ٹیکسز زمان وٹو کی ہدایات پر سال 2023-24 میں تعینات رہنے والے سب رجسٹرار رائے انصر علی، رجسٹری محررز خورشید احمد، احسن علی، فیصل یٰسین کے عرصہ تعیناتی کا سپیشل آڈٹ کیا گیا تھا۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سٹیمپ ایکٹ اور رجسٹریشن ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے مذکورہ سب رجسٹرار اور رجسٹری محررز کی طرف اسٹامپ ڈیوٹی، ایل کمیشن فیس، رجسٹریشن فیس، موازنہ فیس اور کیپٹل ویلیو ٹیکس کی بابت بدعنوانی، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حکومتی خزانے کو 32 کروڑ 90 لاکھ 91 ہزار 904 روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ سب رجسٹرار نشتر ٹاﺅن آفس کے آڈٹ کے دوران مذکورہ افسران و اہلکاران کی تعیناتی کے دورانیہ میں 10 ہزار سے زائد دستاویزات کو ریکارڈ روڈ میں جمع ہی نہیںکروایا گیا جس کی وجہ سے 10 ہزار سے زائد دستاویزات کا آڈٹ مکمل نہ ہو سکا ہے۔ جبکہ 4 ہزار سے زائد دستاویزات کو ریکارڈ روم میں گمشدہ قرار دیدیا گیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کی ہدایات کے مطابق 32-A سٹیمپ ڈیوٹی کے چالان کو چسپاں نہیں کیا گیا ہے۔ رجسٹریشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زیادہ تر زرعی دستاویزات میں موقع واقع، مربع نمبر، کلا نمبر نہ تحریر کیا گیا ہے جبکہ اربن ایریاز میں لوکیشن کا درست انتخاب نہ کیا گیا ہے۔ جبکہ انسٹرومنٹس کی بائنڈنگ میں غفلت، سیریل نمبرز کے غیر مناسب الاٹمنٹ، انسپکشن اور ڈیفیشنسی رجسٹر کا عدم ریکارڈ، ای-اسٹامپس کی ڈی لسٹنگ میں کوتاہی، ای رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے حکومتی واجبات کی آن لائن تصدیق نہ ہونا، مدت مقررہ کے بعد رجسٹرڈ انسٹرومنٹس اور دیگر ضروری ریکارڈ کو بھی مرتب نہ کر کے سنگین غفلت کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ کمرشل یا سکنی تعمیرات پر مشتمل جائیدادوں کا متعلقہ اداروں سے منظور شدہ نقشہ جات بھی منسلک نہ پائے گئے ہیں۔ 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی طرف سے نہ تو مذکورہ اہلکاران کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور نہ حکومتی خزانے کو ہونیوالے نقصان کا ریکوری کر ازالہ ممکن ہو سکا ہے۔ جبکہ 10 ہزار سے زائد دستاویزات بورڈ آف ریونیو کے احکامات کے برعکس الیکٹرانک رجسٹریشن کی بجائے مینوئل تصدیق کر دی گئی ہیں۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی میں مقدمہ کے اندراج کے بعد فیصل یٰسین رجسٹری محرر اور ایم یوسف ریکارڈ کیپر کو گرفتار کیا گیا تھا لیکن ڈپٹی کمشنر لاہور کی آفس سے الیکٹرانک رجسٹریشن کے منظوری کے حوالے سے جاری ہونیوالے مراسلہ کو بروقت محکمہ انسداد رشوت ستانی کے افسران فراہم نہ کیا گیا جس کی وجہ سے عدالتی احکامات پر مذکورہ ملزمان کو مقدمہ اخراج پر بری الذمہ قرار دیدیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور صہیب بٹ نے ذاتی طور پر اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کر کے خوب پذیرائی حاصل کی مگر گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ فیصلہ چیلنج کرنا تو دور کی بات حکومتی خزانے کو ہوانیوالے نقصان کی بھرپائی کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہو گئے ہیں۔

لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور صہیب بٹ سے مسلسل رابطہ کیا گیا اور ان کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی کہ 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزار جانے کے باوجود سابقہ سب رجسٹرار اور رجسٹری محرر ز کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے یا پھر 33 کروڑ روپے کی خوردبرد پر کوئی ریکوری کا لائحہ عمل طے کیا گیا ہے تو روزنامہ ”مشرق“ کا آگاہ کیا جائے لیکن ہر بار کی طرح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صہیب بٹ نے نہ تو کال ریسیو کی اور نہ ہی میسیج کا کوئی رپلائی کرنا مناسب سمجھا ہے۔ جو ان کے ایڈمنسٹریٹو معاملات پر سوجھ بوجھ کی وسیع پیمانے پر عکاسی کرتا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور اپنا وضاحتی بیان کر دینا چاہیں تو ان کے وضاحتی بیان کو من و عن شائع کیا جائیگا۔

لاہور (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا اور انکے ترجمان حارث سلہری سے بھی سرکاری بیان لینے کیلئے ہار ہا رابطہ کیا گیا لیکن نہ تو ڈپٹی کمشنر کی طرف سے کوئی موقف سامنے آیا ہے اور نہ ہی ڈپٹی کمشنر ترجمان حارث سلہری نے کرپشن کے اس میگا سکینڈل پر لب کشائی کرنا مناسب سمجھا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا بذات خود یا بذریعہ ترجمان کرپٹ ملازمین کے خلاف کارروائی یا پر نقصان کی ریکوری کے حوالے سے کوئی اعدادو شمار پیش کرنا چاہیں تو اخبار کے صفحات حاضر ہیں۔