دریائے سوات میں طغیانی، سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، 18 سیاح ڈوب گئے

سوات (مشرق نیوز) خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقے سوات میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد سمیت 18 سیاح ڈوب گئے، 4 نعشیں نکال لی گئیں ، 3 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 11 افراد لاپتہ ہیں۔خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ دریائے سوات بپھر گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے جس نے قریبی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ڈسکہ سے سیر کیلئے جانے والے شہری عدنان نے بتایا کہ میرے خاندان کی 4 خواتین اور 6 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ ہمارے علاوہ بھی 3 افراد دریا برد ہو گئے، صبح ناشتے کیلئے دریائے سوات کے کنارے موجود تھے کہ اچانک سیلاب آ گیا۔ڈی جی ریسکیو خیبرپختونخوا شاہ فہد نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں سیلاب میں پھنسے ہوئے 30 افراد کو بچا لیا گیا ہے، دریائے سوات میں ابھی پانی کی سطح بلند ہے، 5 مختلف علاقوں میں تلاش کا کام جاری ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ 80 اہلکار ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں، پانی کے تیز بہاو¿ کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں، خراب موسم اور دریا کی تیز روانی کے باعث باقی سیاحوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اب تک 2 بچوں سمیت 4 افراد کی نعشیں مل گئی ہیں۔ حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، سوات اور گردونواح میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ دریا میں نہانے اور اس کے قریب جانے پر دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے لیکن اس کے باوجود سیاح وہاں جاتے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں سیاحوں کی اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی جلد تلاش مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے انتظامیہ و ریسکیو اداروں کو دریاو¿ںڈ و ندی نالوں کے قریبی حفاظتی تدابیر مزید مربوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔