امریکہ نے مذاکرات کے نام پر دھوکہ دیکر ایران پر حملہ کیا: سراج الحق

شرقپور شریف (مشرق نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ایران پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ایران کی کھلی حمایت کرے،امریکی حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ قرار ہے ،امریکہ نے مذاکرات کے نام پر دھوکہ دیکر ایران پر حملہ کیا جو نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ انسانی اقدار کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری کے ڈیرے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کو امریکہ اور اس کے مفادات پر حملے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جن اسلامی ممالک میں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں ایران ان پر بھی حملہ کرنے کا حق رکھتا ہے۔ پاکستان کی حکومت کو فوری طور پر ایران کی جانی، مالی اور سفارتی سطح پر حمایت کا اعلان کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل قیادت علما ءو مشائخ ہیں اور تمام مکاتب فکر ایران کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کاامریکی صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنا شرمناک ہے،وزیراعظم کو 25 کروڑ عوام سے معافی مانگنی چاہیے اور اللہ سے توبہ کرنی چاہیے۔اس موقع پر میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ ایٹمی طاقت بننا ایران کا حق ہے اور ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور اس کے خاتمے سے ہی دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے۔