قیام امن کیلئے علماء کرام کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے: مولانا عبدالخبیر آزاد

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان وخطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور تفرقہ بندی کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے علماءکرام کا کردار ہمیشہ مثبت رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی اور استحکام پاکستان کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز صوبے میں دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محرم الحرام کے دوران فرقہ ورانہ بھائی چارے کے فروغ کیلئے اتحاد بین المسلمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں قائم مقام کمشنر ساہیوال شاہد محمود، آر پی او ساہیوال محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈپٹی کمشنر پاک پتن ماریہ طارق،ڈی پی او رانا طاہر الرحمان، اے ڈی سی جی نیاز احمد مغل سمیت ضلع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے انتظامی افسران، جید علماءکرام مولانا پےر مسعود قاسم قاسمی، مفتی فتح محمد راشدی، مولانا عبدالستار نےازی، مفتی محمد احمد، مفتی محمد شفےق اعوان، مولانا حسےن مہدی، علامہ اشفاق علی چشتی، علامہ سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، مولانا شفیع قاسمی، علامہ رشید ترابی، مفتی عاشق حسین شاہ،قاضی عبدالغفار قادری، سےد غلام اصغرشاہ سمیت ضلعی امن کمیٹیوں کے ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پاکستان کے سلامتی و تحفظ کیلئے عزم و استحکام کے لائحہ عمل کا جو فیصلہ کیا ہے پوری قوم اور علماءکرام اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے محرم الحرام میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے اتحاد بین المسلمین کے قافلوں کو خصوصی طور پر پورے پنجاب میں بھیجا جو کہ امن و امان کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کا فخر ہیں جو ہماری سلامتی کو یقینی بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی و تحفظ و دفاع کیلئے پوری قوم اپنے سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کے ساتھ کھڑی ہے اورہندوستان اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کو قوم نے”بنیان المرصوص”سے ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے اس وقت ہم سب پر فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم من حیثیت القوم اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہوں اور اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں،اس اصول پر کاربند رہیں کہ اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں پر عمل پیرا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کو حرام قرار دیا گیا ہے۔اجلاس سے دیگر علماءکرام نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کو شاندار کامیابی ملی اس پر پورے عالم اسلام کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماءکرام محرم الحرام کے دوران امن کیلئے انتظامی افسران کا ہراول دستہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن موقع کی تاک میں ہے لیکن ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے جس طرح جنگ کے دوران پوری قوم نے اپنے اختلافات بھلا کر اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے یہاں تمام مسالک متحد ہیں اور ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے وفد کی ساہیوال آمدکو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ساہیوال ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے علماءکرام اور انتظامیہ ایک پیج پر ہیں اور ایکدوسرے سے تعاون کرتے ہیں۔ آرپی او محبوب رشید نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کیلئے مقرر وقت کی سختی سے پابندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دل آزاری کا باعث بننے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔اجلاس کے اخر میں محرم الحرام میں قیام امن اور ملک اسلامتی اس کام ترقی و خوشحالی حرمین شریفین کے تحفظ اور غزوہ و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔