پی ٹی آئی رہنما کی پلازہ میں تجاوزات، گیراج کی جگہ کورئیر کمپنی کو کرائے پر دیدی

لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد ) پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے کے گلبرگ میں واقع پلازہ کے گیراج میں لیپورڈ کورئیر سروس کا دفتر بنا دیا گیا اور پارکنگ کی جگہ SAND برگر والوں کو کرائے پر دیدی گئی جس کی وجہ سے وہاں پارکنگ ٹریفک جام اور دیگر مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ میں واقع سابق پی ٹی آئی ایم پی اے نے پلازہ میں تجاوزات قائم کر دیں، گیراج کیلئے مختص جگہ پر غیر قانونی چھت ڈال کر لیپورڈ کورئیر کمپنی کو کرائے پر دیدی ہے۔ اسکے علاوہ پارکنگ کیلئے مختص جگہ پر برگرکی برانچ بنا دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہاں پارکنگ اور ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے دوسری برگر فرنچائز کے ملازم جاوید نے کہا کہ باہر پارکنگ میں برگر کا کنٹینر لگوا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہمارا کاروبار متاثر ہو رہا ہے ۔ایک اور دکاندار خلیل نے کہا کہ پارکنگ اور ٹریفک جام کی وجہ سے کسٹمز باہر سے ہی واپس چلا جاتا ہے۔ کورئیر کمپنی کے اہلکار نے بتایا کہ لاکھوں روپے کرائے کے علاوہ ہم 50 ہزار روپے ماہانہ مینٹی نٹنس چارج بھی دیتے ہیں ایک مشہور برانڈ کے ملازم افضل نے کہا کہ ایل ڈی اے اور کارپوریشن والوں نے پورے لاہور سے تجاوزات ختم کیں ان کو یہاں سے بھی غیر قانونی تجاوزات ختم کرنی چاہئے۔