پنجاب کاصحت ،تعلیم کیلئے مختص بجٹ خیبر پختونخوا کا ٹوٹل نہیں،عظمیٰ بخاری


لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے پنجاب کاصحت ،تعلیم کیلئے مختص بجٹ خیبر پختونخوا کا ٹوٹل نہیں،پہلی مرتبہ سرکاری ہسپتالوں میں لوگوں کو مفت ادویات مل رہی ہیں۔

بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاپنجاب فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز،مریم نواز ہیلتھ کلینک کامیابی سے چل رہے ہیں، مریم نواز کی حکومت نے کینسر ،ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسی مہنگی ترین ادویات لوگوں کے گھروں میں پہنچائیں،خیبرپختونخوا سے مریض پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج کرانے آتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب کے دروازے تمام صوبوں کے عوام کےلئے کھلے ہیں، آپ کی نوکری صرف پنجاب پر تنقید کرنا ہے ،بیرسٹر سیف نے ڈیڑھ سال میں ایک مرتبہ بھی قوم کو اپنے ” جعلی سلطان راہی“وزیراعلیٰ کی کارکردگی نہیں بتائی، مریم نواز عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، پنجاب کا بجٹ صرف کتابوں نہیں گراﺅنڈ پر لگانظر آتا ہے، خیبر پختونخوا کا بجٹ صرف آپس میں بانٹنے میں ہی پورا آتا ہے۔