شہریوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ ترجیح ہے: ڈی پی او ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) عیدالاضحی پر امن و امان کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات۔شہریوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ اوّلین ترجیح ہے، ڈی پی او ساہیوال۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر ساہیوال پولیس نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال رانا طاہر رحمن خان کی ہدایت پر نمازِ عید کے اجتماعات، قربانی کے مراکز، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔سکیورٹی پلان کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے 950 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جن میں 6 گزٹیڈ آفیسرز، 20 سے زائد ایس ایچ اوز و انسپکٹرز، 90 سے زائد اپر سب آرڈینیٹ افسران شامل ہیں، جبکہ 650 سے زائد لوئر سب آرڈینیٹ اور لیڈی پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ 150 سے زائد ٹریفک اہلکار عید کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔ ایلیٹ فورس کی 8 ٹیمیں اور محافظ اسکواڈز بھی اہم مقامات پر موجود ہوں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمٰن خان نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل الرٹ رہیں اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کی کھالیں زبردستی لینے، فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی یا کسی بھی قسم کی شرپسندی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ مشکوک افراد یا لاوارث اشیاءکی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن 15پر دیں تاکہ بروقت اور موثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔