اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے دروازے کھلے،کچھ لو دو نہیں ہو گا،عمران

اسلام آباد ،راولپنڈی ،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے) بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں،کچھ لو اور کچھ دو نہیں ہو گا۔

سینیٹر علی ظفر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی نے واضح کیا اپنے لیے کوئی گیو اینڈ ٹیک نہیں ، میرے دروازے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کےلئے کھلے ہیں، پاکستان کیلئے کسی بھی وقت مذاکرات کیلئے تیار ہوں، صرف انصاف چاہتا ہوں، میرے کیسز جلد سے جلد سنے جائیں، احتجاجی تحریک کا اعلان ہوچکا ، 5، 6 دن میں لائحہ عمل دیں گے،پارٹی لیڈر شپ تحریک کیلئے تیار ہو جائے اگر کوئی سامنے نہ آیا تو اب میں برداشت نہیں کروں گا، وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گا۔

ادھر بانی پی ٹی آئی نے پنجاب میں بنائی جانےوالی 4 رکنی سیاسی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کر دیا،عمران خان نے سیاسی کمیٹی کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت کردی، سابق وزیر اعظم نے سینیٹر علی ظفر کے ذریعے پارٹی لیڈر شپ کو پیغام بھجوا دیا،بانی پی ٹی آئی نے عالیہ حمزہ کو پنجاب میں سیاسی کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا۔

مزید بر آں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہرنے کہا کچھ لو اور کچھ دو کی بات مس گائیڈ ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا ڈیل کے تحت باہر نہیں آوں گا،بریت کا مقدمہ سنا جائے گا تو بانی کی رہائی ہوجائےگی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا بانی کےخلاف بنے تمام کیس سیاسی اور بوگس ہیں،رہائی ہر صورت ہونی چاہیے، چیف جسٹس خود ملے تھے، رہائی کیس سننے کے بعد ہوگی، امید ہے بانی پی ٹی آئی کے کیس کی تاریخ لگ جائےگی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا 8جج صاحبان کے فیصلے کےخلاف الیکشن کمیشن،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کھڑی ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی نے جیتی ہیں، دوسری پارٹیوں کو مال غنیمت کے طور پر مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، 8ججز نے کہا جو غلطیاں الیکشن کمیشن نے کیں خمیازہ عوام کو بھگتنے نہیں دیں گے، الیکشن کمیشن نے اپنا آئینی فرض ادا نہیں کیا، آئینی فرض یہ تھا صاف اورشفاف انتخابات ہوں، الیکشن کمیشن کے غلط فیصلوں کو تمام 13ججز نے غلط کہا ، 8جج صاحبان نے کہا الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا

علیمہ خان نے کہا کہا گیا بانی 9 مئی کی معافی مانگ لیں، 9 مئی کی کس بات پر معافی مانگیں؟ عمران خان کا موقف رول آف لا اور آئین و قانون کی بالادستی ہے، بانی ہر بار واضح کرتے ہیں کوئی ڈیل نہیں کررہا، 9مئی کے بعد اصل چیز 26ویں ترمیم ہے۔