ساہیوال ڈویژن میں 88ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت

ساہیوال (بےورو رپورٹ) ساہیوال ڈویژن میں اب تک 88ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت کی جاچکی ہے جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے دوران 70ہزار ایکڑ پر کاشت ہوئی تھی۔ یہ کاشت مقررکردہ ہدف کا80فیصد ہے جو ایک لاکھ 10ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا تھا۔ یہ بات کمشنر آفس میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں بتائی گئی جس میں کپاس کی کاشت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جبکہ اس میں متعلقہ محکموں زراعت، کراپ رپورٹنگ، اری گیشن، سیڈ کارپوریشن کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں کپاس کی کاشت کا ہدف72ہزار ایکڑ مقرر ہے جس میں سے62937ایکڑ پر فصل کاشت ہوئی جو ٹارگٹ کا87فی صد ہے۔ اسی طرح ضلع اوکاڑہ میں 15ہزار ایکڑ ہدف کے مقابلے میں 10525ایکڑ پر کپاس کاشت ہوئی جو ہدف کا70فی صد ہے جبکہ ضلع پاکپتن میں 23ہزار ایکڑ ہدف کا64فی صد حاصل کیا گیا جو 14623ایکڑ ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ فصل کی بڑھوتری کے دوران کسانوں سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ اس اہم فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بچایا جاسکے۔ چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ 20مئی سے27مئی تک ڈویژن بھر میں پیسٹ سکاوٹنگ کی گئی جس کے لئے77ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے23ضلع ساہیوال،24ضلع اوکاڑہ اور 30ٹیمیں ضلع پاکپتن میں تشکیل دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان ٹیموں کی جانب سے ساہیوال میں 1788ایکڑ، اوکاڑہ میں 1510اور پاکپتن میں 2895ایکڑ کپاس کو چیک کیا گیا لیکن کہیں سے بھی سفید مکھی، تیلا، تھرپس وغیرہ برآمد نہیں ہوا۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پاکپتن چوک میں تجاوزات کا نوٹس، پاک پتن چوک سے تمام تجاوزات فوری ختم کروانے کی ہدایت، شربت بازار میں کوئی ریڑھی نہ لگے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پاکپتن بازار میں ٹف ٹائل لگانے کا کام تیز کیا جائے اور کام کی کوالٹی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ریلوے روڈ بس سٹینڈ پر صفائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اڈے میں صفائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی حکام کو شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوڑے سے بھرے کنٹینرز بھی ساتھ ساتھ خالی کئے جائیں۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ فریدیہ پارک روڈ، طارق بن زیاد کالونی اور بھٹہ چوک میں سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ بعدازاں کمشنر شعیب اقبا ل سید نے صدر بازار، دیپالپور بازار اور پاک پتن بازار کا دورہ کیا اور بازاروں کو ماڈل بنانے کے لئے جاری کام کاجائزہ لیا۔ انہوں نے دوکانداروں کو اپنی حدود میں سامان رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیر تعمیر ڈرین اور پولز کے لئے کی گئی کھدائی میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرین کے کام کو تیز کیا جائے اور کام کے دوران حفاظتی اقدامات ضرور کئے جائیں۔ انہوں نے دوکانداروں سے اپیل کی کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ماڈل بازاروں کا کام جلد مکمل ہوسکے۔