کشمیری عوام کے خون کا ایک قطرہ بھی رائیگاں نہیں جائیگا:سردار سلیم حیدر

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے خون کا ایک قطرہ بھی رائیگاں نہیں جائے گا، اب بھارت کو پتہ لگ جانا چاہئے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، پاک فوج نے ابھی تو مودی کو ٹریلر دکھایا ہے، بھارت عالمی برادری کو ابھی تک پہل گام ڈرامے کے ثبوت نہیں دے سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والی آزاد کشمیر ایل او سی کی تحصیل عباس پور کے دورے کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر پنجاب کی آمد پرعباس پور کی عوام نے ان کا بھر پور طریقے سے استقبال کیا۔اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی حملے میں شہید ہونے والوں کے بلند درجات کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارت کی جانب سے حملوں کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، اب بھارت کو پتہ لگ جانا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کشمیر کی عوام پاکستان سے ہے اور پاکستان کشمیر کی عوام سے ہے۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بزدل بھارت بار بار کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی یہ سن لے کہ وہ کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعدپاک فوج اور کشمیری عوام کے حوصلے کئی گناہ بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار نے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقا سالمیت اور استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مودی کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بری، بحری اور فضائیہ افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی بھی قسم کی جارحیت کرنے کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سکھ بھی پاکستان کی حمایت میں باہر نکل آئے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم سکھوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔