اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا جس میں پاکستان ریلوے کیلئے انقلابی اقدامات کا اعلان کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے اجلاس کے دوران کہا کہ پاکستان ریلوے کو پاکستان کا فخر بنانے کےلئے ہم ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، ہمارا مقصد نہ صرف ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے بلکہ اس کے سسٹمز میں موجود تمام مسائل اور بدعنوانیوں کا خاتمہ بھی کرنا ہے۔ وزیر ریلوے نے اپنے ملازمین کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے ملازمین کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے اور ان کے حقوق کا بھرپور دفاع کریں گے، ہمارے ملازمین ہی پاکستان کی ترقی کا انجن ہیں، انکی ترقی ہی پاکستان کی ترقی کو یقینی بنائیگی۔وزیر نے اکاو¿نٹیبلٹی کے عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے ویجی لنس ڈیپارٹمنٹ کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے،ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر محکمے میں شفافیت اور جوابدہی ہو اور جو بھی بدعنوانی کی کوشش کریگا، اس کا محاسبہ کیا جائے گا۔حنیف عباسی نے سختی سے کہا ہے کے، ریلویز میں وہی رہے گا جو کام کرے گا، ہم نااہلی اور سستی کو برداشت نہیں کریں گے، اور کسی بھی قسم کی اقرباپروری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔ حنیف عباسی نے ہر ڈویژنل سپریٹنڈنٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں کی بروقت آمدورفت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ یہ ہمارے نظام کی اہمیت اور عوامی اعتماد کا معاملہ ہے۔وزیر ریلوے نے یقین دہانی کرائی کہ چند مہینوں میں ہر ڈیپارٹمنٹ میں موجود بدعنوانیوں اور ناکامیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا،ہم ہر سطح پر اقدامات اٹھائیں گے تاکہ پاکستان ریلوے کو ایک نئے دور میں داخل کر سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کی ہر پروکیورمنٹ کی تھرڈ پارٹی ایوالویشن کرائی جائے گی تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر نے کہا کہ صاف صفائی اور صاف ستھرا کھانا ہر مسافر کا حق ہے اور اس میں کسی قسم کی لاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی۔
ریلوے کو پاکستان کا فخر ادارہ بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے : حنیف عباسی

















