لاہور، اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ بیورو رپورٹ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس پرکریانہ ایسوسی ایشن نے شوگر ملز اور بیورو کریسی کو اس کا ذمہ دار قرار دیدیا۔ اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164روپے فی کلو سے بڑھ کر 175روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔مرکزی کریانہ ایسوسی ایشن نے اس صورتحال کی ذمہ داری براہِ راست شوگر ملز مالکان اور متعلقہ بیوروکریسی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروری میں چینی کی قیمت 125 روپے فی کلو تھی لیکن ایکسپورٹ کی اجازت ملنے کے بعد قیمتوں کو پر لگ گئے۔ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت نے زائد اسٹاک نہ ہونے کے باوجود چینی کی برآمد کی اجازت دی جس کا فائدہ صرف مخصوص عناصر نے اٹھایا۔ شوگر ملز مالکان بلاجواز ہمیں قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جبکہ اصل کنٹرول اور ذخائر کا اختیار انہی کے پاس ہے۔دوسری جانب شوگر ملز مالکان کی جانب سے تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ قیمتوں میں اضافے کو عالمی منڈی میں نرخوں کے اتار چڑھا اور حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔دوسری طرف نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چینی کی قیمت کم کرنے کا حکم دیدیا۔نائب وزیراعظم کی زیر صدارت چینی کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اسحاق ڈار نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو چینی کی قیمت کم کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی کا ایکس مل ریٹ 164 روپے فی کلو سے کم کرکے 154 سے 159 روپے تک لایا جائے جب کہ ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے نائب وزیراعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
مہنگی چینی پر شوگر ملز ،بیورو کریسی ذمہ دار ہیں :کریانہ ایسوسی ایشن

















