عمران کو مزید جیل میں رکھنا قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا: بیرسٹر سیف

پشاور (مشرق نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جعلی مقدمات میں مزید جیل میں رکھنا قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا۔ ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارت کیخلاف تاریخی فتح کے موقع پر پاکستانی قوم متحد ہوچکی ہے، قومی اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سیاسی مقدمات ختم کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی مقبول لیڈر ہیں، ان کو فوری رہا کرنا چاہئے، وفاقی حکومت قوم کے اتحاد کے اس سنہری موقع کو ضائع نہ کرے، جعلی حکومت کو قومی اتحاد کی خاطر فسطائی رویہ ترک کرنا ہوگا۔ انکا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بھارت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے بھارت کے خلاف سوشل میڈیا کا محاذ کامیابی سے سنبھال رکھا تھا۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارتی بیانئے کو چاروں شانے چت کیا، بھارت کے جھوٹے بیانئے کو زمین بوس کیا۔