فضاوں میں شاندار فتح ،پاک فضائیہ کو سلام،پاکستان آپ پر فخر کرتا ہے،مریم نواز
لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فن لینڈ کے سفیر ہانو ریپاتی نے ملاقات کی،تعلیمی اشتراک کار، تجارت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال،سفارتی تعلقات کے مزید فروغ کےلئے اعلیٰ سطح روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے فن لینڈ کے سفارتخانے کی اسلام آباد میں بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاپاکستان ،فن لینڈ کے تعلقات جمہوریت وپائیدار ترقی پر مبنی ہیں، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ پر فن لینڈ کی مہارت قابل تقلید ہے،فن لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پاکستان،فن لینڈ انٹرنیشنل کے مابین ووکیشنل ٹریننگ پر اشتراک اہم سنگ میل ہے،پرامن بقائے باہمی و باہمی احترام مشترکہ اقدار کا حصہ ہیں،فن لینڈ کےلئے پنجاب میں قابل تجدید توانائی،زرعی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل خدمات اور تعلیم جیسے شعبوں میں بے شمار مواقع دستیاب ہیں۔
دریں اثنا مریم نوازنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہامحافظان فضائے وطن آپ کی مہارت، حکمت عملی اور بے مثال حوصلے نے فضاوں میں پاکستان کو شاندار فتح سے ہمکنار کیا ،پاک فضائیہ کی کارکردگی نے فضائی جنگ کے میدان میں اعلیٰ ترین معیار قائم کر دیا،سلام ہے پاک فضائیہ ، پاکستان آپ پر فخر کرتا ہے، پاکستان زندہ باد

















