مریم نواز کا ای چارجنگ سٹیشن کیلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے ای چارجنگ سٹیشن کیلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا،وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ییلو لائن ماس ٹرانزٹ سسٹم کی فزیبلٹی سٹڈی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ ایکو فرینڈلی ای ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا،اجلاس کے دوران ای ٹیکسی کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ 1100 ای ٹیکسیز سے پائلٹ پراجیکٹ کے اجراءپر اتفاق کیا گیا، ای چارجنگ سٹیشن کےلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کےلئے مزید روٹس پر رپورٹ طلب کی گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام کی سہولت کے مطابق روٹس کا تعین کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے جناح ٹرمینل تا ہربنس پورہ ییلو لائن پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے کا حکم دیا، اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ سے متعلق امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں بریفنگ دی گئی ای ٹیکسی سکیم میں حکومت پنجاب کی طرف سے سبسڈی بھی دی جائے گی، پٹرول پمپس کے ساتھ چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا،مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں کےلئے سٹیٹ آف آرٹ جدید ترین طبی آلات خریدنے اور مریضوں کی ضرورت کے پیش نظر طبی آلات ترجیحاً فراہم کرنے کی ہدایت کی ، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ کے تمام پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،مریم نوازنے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کا جامع پلان طلب کر لیا ، اس موقع پر نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سکول آف پیرا میڈیکس بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف جینٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سرجیکل آرتھو پیڈک میڈیسن ری ہیبلی ٹیشن بنے گا، وزیراعلیٰ نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال پراجیکٹ کی 6ماہ میں تکمیل کی ہدایت کی اورزیرتکمیل ہیلتھ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کےلئے اقدامات کا حکم دیا،اجلاس میںہرنمایاں شہر میں کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا، مریم نواز نے راولپنڈی میں چلڈرن ہسپتال کی تکمیل کےلئے فنڈز کے اجراءکی ہدایت کی اور چلڈرن ہسپتال راولپنڈی کےلئے بہترین ڈاکٹر کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جاری اور نئے پراجیکٹ پر مکمل بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے کہا 60فیصد سے زائد مکمل پراجیکٹ کی جلد تکمیل پر توجہ دی جائے، ہیلتھ پراجیکٹس میں تاخیر سے عوامی مشکلات کے ساتھ لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔