میونسپل کارپوریشن کے افسران شہر میں صفائی کی صورتحال کی کڑی نگرانی کریں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے افسران شہر میں صفائی کی صورتحال کی کڑی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈویڑن بھر میں صفائی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، ماریہ طارق، سی ای او ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی،اے ڈی سی ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید، اے ڈی سی جنرل نیاز احمد مغل، اے سی ساہیوال رانا اورنگزیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ،چیف آفیسر ضلع کونسل خداداد تارڑ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں صفائی کی رپورٹ پیش کریں اور اسسٹنٹ کمشنرز صفائی عملہ کی ڈیوٹیاں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نہ کروانے والے کنٹریکٹرز کے خلاف کاروائی بھی عمل میں لائی جائے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا صدر بازار، پاکپتن بازار اور بیرون سوڑی گلی کا تفصیلی دورہ۔ صدر بازار اور پاکپتن بازار میں ڈرین کی تعمیرکے کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے کام کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرین کی تعمیر اور دونوں بازاروں کو ماڈل بازار بنانے کے بعد نہ صرف دوکانداروں بلکہ خریداری کے لئے آنے والوں کو بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے بیرون سوڑی گلی میں دوبارہ عارضی تجاوزات قائم ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے شہر بھر سے عارضی تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیا۔ بعدازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عارف والا پل پر ریڑھی بازار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے درمیان اور اردگرد سے ریڑھیوں کو ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے جھال روڈ اورفریدیہ پارک روڈ پر سڑک خراب ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری ٹھیک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکپتن بازار اور صدر بازار میں جاری ٹف ٹائل لگانے کا کام 30جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے افسران کی عدم موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور انہیں بلااجازت ڈویڑن نہ چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی سی، اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران صفائی کے کام کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔