پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین مارکیٹ ہے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل کوآپریشن کانفرنس کے تحت ہونے والے ڈیجیٹل انوسٹمنٹ فورم میں آئی ٹی شعبے میں مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں دنیا کے بہترین ماہرین موجود ہیں اگر استعداد و صلاحیتوں کے مطابق موقع دیا جائے تو بہترین نتائج دے سکتے ہیں۔

شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں ڈیجیٹل و دیگر اصلاحات کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت ،مواقع پر اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے کہا بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری اپنا لوہا منوا رہی ہے، آئی ٹی شعبے میں پاکستانی کاروباری افراد عالمی مارکیٹ میں قابل قدر خدمات پیش کر رہے ہیں،کوئی شک نہیں پاکستانی قوم میں نہ صرف ملکی بلکہ عالمی معیشت کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنے کی صلاحیت موجود ہے،حکومت آئی ٹی و دیگر شعبوں میں اصلاحات کے عمل میں پاکستانی سرمایہ کار برادری کو شامل کرنے کو ترجیح دے گی۔

دریں اثنا ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ڈیجیٹل تبدیلی اب کوئی معمولی رجحان نہیں ایسا انقلاب ہے جو معیشتوں کو نئی شکل دے رہا ہے، حکومت عالمی سطح پر وقوع پذیر ہونے والی ڈیجیٹل تبدیلی کےساتھ پاکستان کو ہم آہنگ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد جدید ٹیکنالوجی کے سرمایہ کاروں ، پالیسی سازوں کا پاکستان میں جمع ہونا، خطے میں پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے میں بڑھتے اثر و رسوخ کی علامت ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان کے پہلے ”ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم 2025“ میں شرکت کرنے والی معروف انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپاکستان اپنی ڈیجیٹل معیشت میں بڑی تبدیلی کا آغاز کر رہا ہے،فورم کی افتتاحی تقریب کے دوران پاکستان میں کمپنیوں کی جانب سے 700 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔