پہل گام واقعہ، سابق بھارتی کپتان گنگولی بھی مودی کی زبان بولنے لگے

ممبئی (مشرق نیوز) پہل گام واقعہ کو جواز بناکر بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی حکومتی ایما پر ایک مرتبہ پھر کھیل میں پھر سیاست لے آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے پہل گام واقعہ پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ تمام کرکٹ تعلقات ختم کر دینے چاہئیں۔

بھارتی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کیخلاف زہر اگلتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیساتھ 100 فیصد کرکٹ تعلقات کو ختم کردینا چاہیے۔ اس موقع پر بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ ہم پہلگام واقعہ کے متاثرین کے ساتھ ہیں، ہماری حکومت جو کہے گی، ہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ دوطرفہ سیریز نہیں کھیلیں گے لیکن ا?ئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کیخلاف ہماری ٹیم میدان میں اترے گی۔ دوسری جانب بھارتی بورڈ کے بیان کے بعد ایشیاکپ اور چیمپئینز ٹرافی جیسے ٹورنامنٹس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

ادھر بھارتی بورڈ کے یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2012 میں آخری بار ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی جس کے بعد سے دونوں ٹیمیں محض آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں۔