نیپرا نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنوں کیلئے فی یونٹ 22 روپے کمی کردی

اسلام آباد (مشرق نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنوں کے ٹیرف میں کمی کی حکومتی درخواست منظور کرلی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیپرا نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنوں کا بنیادی ٹیرف 23 روپے 57 پیسے فی یونٹ مقرر کردیا۔

اس سے قبل الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنوں کیلئے بنیادی ٹیرف 45 روپے 55 پیسے مقرر تھا۔ ٹیرف میں کمی کے بعد بنیادی ٹیرف میں 21 روپے 98 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی۔ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنوں پر 24 روپے 44 پیسے کیپڈ مارجن ہٹانے کی درخواست بھی منظور کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی الیکٹریکل وہیکل پالیسی 2025 تا 2030 کے تحت ملک میں آئندہ 2 سال کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کیلئے 3 ہزار چارجنگ سٹیشن بنائے جانے ہیں۔ چارجنگ سٹیشنوں کیلئے ملک کی 2 نجی کمپنیوں ملک انٹرپرائزز اور انڈس ویلی نے حکومت پاکستان کے اشتراک سے چین کی کمپنی ایڈم گروپس کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

پاکستانی کمپنی ملک انٹرپرائزز کے مالک ملک خدا بخش نے بتایا کہ آنے والے 2 سال پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے مستقبل کے حوالے سے انقلابی ثابت ہوں گے تاہم آٹو موبائل انڈسٹری سے منسلک افراد یہ سمجھتے ہیں کہ حکومتی منصوبہ بندی یا اعلانات پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافے کی وجہ نہیں بن سکتے، اس ضمن میں حکومت کو ٹھوس اور قابل عمل اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انرجی وہیکل پالیسی کے تحت سال 2030 تک ملک میں مجموعی طور پر 30 فیصد تک الیکٹرک گاڑیاں استعمال میں لائی جائیں گی۔