آنےوالے مہینوں میں مزید خوشخبریاں،24قومی اداروں کی نجکاری ہوگی،وزیر خزانہ

لاہور: (کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے کہ آنے والے مہینوں میں وزیراعظم شہبازشریف مزید خوشخبریاں سنائیں گے، سٹاک مارکیٹ اوپر نیچے ہوتی رہے گی، کچھ وجوہات بیرونی ہیں، دیکھنا ہے صحیح سمت چل رہے ہیں یا نہیں؟ پی آئی اے کے یورپی روٹ کھل گئے، امید ہے انگلینڈ کے روٹس بھی کھل جائیں گے، صنعتکاروں اور تاجروں کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے، اصل مقصد عام آدمی کو فائدہ پہنچانا ہے۔ سیلف سسٹین ایبلٹی آئیگی تو عالمی مالیاتی ادارے کا آخری قرض پروگرام ہوگا، سرکاری کاروباری ادارے 800 ارب سے ایک کھرب کا مجموعی نقصان کرتے ہیں، 24قومی اداروں کی نجکاری ہوگی۔

پریس کانفرنس، لاہور چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ چیمبرز کے مسائل کا ادراک ہے، مشکلات حل کرنے کی کوشش کریں گے، چیمبرز کے جائز مطالبات کو مانا جائیگا، تاجروں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، انڈسٹری کو درپیش مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں، صنعت کی ترقی ملکی ترقی کا باعث ہے، صنعتی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، معاشی استحکام کےلئے کام کررہے ہیں، معاشی استحکام کیلئے اپنی درست سمت کا تعین کرنا ضروری ہوتا ہے، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئینگے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ہورہی ہے، شرح سود 22 سے 12 فیصد ہو چکی ، پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار میں استحکام آرہا ہے، درست سمت کی جانب گامزن ہیں لیکن ہر سیکٹر کو برآمدات کرنا ہوں گی، برآمدات میں اضافے کےلئے کام کرنا ہے،معاشی استحکام کیلئے مہنگائی کا کم ہونا لازمی تھا، ہر ہفتے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، روز کی بنیاد پر دالوں، چینی و دیگر اشیا کی قیمتوں کو دیکھ رہے ہیں، افراط زر نیچے آنے کا فائدہ عام آدمی کو ہونا چاہئے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا ریکوڈک اہم پراجیکٹ ہے، بلوچستان میں ریکوڈک پراجیکٹ خواب ہے، انڈونیشیا میں پچھلے سال نکل کی ایکسپورٹ22ارب ڈالر رہی، 2028 کے بعد ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔ چوری، رشوت خوری کی شکایات کو ایک زاوئیے سے نہ دیکھا جائے، تالی دونوں ہاتھ سے بجتی ہے، سرکاری افسر رشوت لے رہے ہیں تو کوئی رشوت دے بھی تو رہا ہے، بزنس کمیونٹی سے کہتا ہوں رشوت دینا بند کریں،ایف بی آر میں دیانتدار افسر لگائیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حوصلہ کریں اور رشوت خوروں کی باتوں میں نہ آئیں، کسٹمز میں فیس لیس ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی، مقصد ہے چوری یا رشوت بازاری نہ ہوسکے، اگر عمل سے انسانی مداخلت کا خاتمہ نہیں کرتے اور کسی افلاطون کو بھی لگا دیں گے تو مسئلہ نہیں حل ہوگا،تنخواہ دار طبقہ اپنے گوشوارے اب خود بھر سکتا ہے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو بخوبی سمجھتا ہوں،بجٹ میں ریلیف دیں گے، ٹیکس نظام کو انتہائی سادہ بنانے جا رہے ہیں، اگلے کچھ ماہ میں وزیر اعظم مزید ریلیف کا اعلان کریں گے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ٹیکسیشن کے معاملات کو براہ راست دیکھ کرر ہے ہیں اگر اپنے محصولات و توانائی کے مسائل حل کرلیں تو معیشت بہتری کی جانب چلی جائیگی، آبادی و ماحولیات کے مسائل ہیں، آبادی تیزرفتاری سے بڑھ رہی ہے، دیہات میں پیدائش کی شرح زیادہ ہے، شہروں میں تناسب کم ہے اگر اسی رفتار سے آبادی بڑھتی گئی تو ملک کا مستقبل کیا ہوگا، سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، ڈھانچہ جاتی مسائل پر فوکس کرنا ہے، ملک میں 5فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں میں بچیوں کی تعداد زیادہ ہے، پارلیمنٹ اور سب کےساتھ ملکر معاملات سے نمٹنا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا اکتوبر سے فروری تک لاہور میں ماحول کی وجہ سے سانس لینا مشکل ہو گیا ، بیجنگ میں کبھی سلفر کی بو ہوتی تھی اب مطلع صاف ہے، تمام پاکستان کےلئے اہم معاملات ہیں نبردآزما ہونا ہے،سب ہم اور آپ پر منحصر ہے، کلائمیٹ چینج کےلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام سے تعاون کیجئے تاکہ مسائل کم سے کم سطح پر لائے جاسکیں، پیسہ بچنا شروع ہوگا تو صحت ، تعلیم پر مزید خرچ کیا جائے گا،آپ لوگ بھی تھوڑا سا حوصلہ کرلیں، ایک صاحب کچھ ماہ قبل میرے پاس آئے اور کہا ریفنڈ مل گیا لیکن ایک پرسنٹیج مانگی گئی ، افسر نے کہا ان جیسے وزیر تو کئی آئے اور کئی چلے گئے، صاحب کا کہنا تھا انہی افسروں سے ڈیل کرنا ہے اسی لئے پر سنٹیج دےدی۔

سینیٹراورنگزیب نے کہامیں آپ سے گزارش کروں گا خدارا ایسا نہ کیجئے، حوصلہ کریں،قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری جلد دوبارہ شروع کی جائےگی، پی آئی اے خسارے سے نکل کر منافع میں آچکی ، زرعی اجناس کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ ہونی چاہئیں، زرعی اجناس کی خریداری نہیں ہو نی چاہئے۔ مکئی ، چاول کی برآمد ہو رہی ہے، 19 اپریل کو واشنگٹن جاﺅنگا، آئی ایم ایف سے مذاکرات ہوں گے، دیکھنا ہے بجٹ میں کیا کرسکتے ہیں، ٹیکس پالیسی کو ایف بی آر سے نکال لیا، ڈی جی ٹیکس آفس اب ڈائریکٹ وزیر اعظم کو رپورٹ کیا کرےں گے، آپ لوگوں کی بجٹ تجاویز مل گئیں،آزاد تجزئیے سے بھی پالیسی لے رہے ہیں جو بھی آپ سے بات ہوگی ڈیٹا کے مطابق ہوگی،اپنے ملک میں بھی سرمایہ کاری کریں۔

وزیر خزانہ نے کہا آئی ٹی سیکٹر کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، بزنس کمیونٹی کو ویزہ نہ ملے تو بڑا مسئلہ ہے،وزیر اعظم جب بھی باہر جاتے ہیں تو بات ہوتی ہے، پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مشاورت جاری رکھےںگے ،پرائیویٹ سیکٹر کسی بھی ملک کو چلانے میں کلیدی کردار رکھتا ہے، چیمبرز کے پاس آکر مسائل سن اور حل کررہے ہیں، فنانسنگ کاسٹ، بجلی کی قیمت اور ٹیکسیشن میں بہتری آئے گی تو انڈسٹری چلے گی۔ وزیراعظم معیشت کو لیڈ کررہے ہیں،آپ جلد نتائج دیکھیں گے۔ معدنیات، آئی ٹی سیکٹر ملک کےلئے گیم چینجر ثابت ہونے جارہے ہیں،کاپر وہی فائدہ دے سکتا ہے جو نکل سنگاپور کو دے رہا ہے، سنگاپور مد میں22ارب ڈالر کی برآمدات کررہا ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا بیرونی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کےلئے منافع کی وطن واپسی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کردیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، یقینی بنارہے ہیں مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی کو ہو، مڈل مین کو فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے، مہنگائی میں کمی کے اعداد و شمار کا اثر عوام تک نہیں پہنچ رہا تو کوئی فائدہ نہیں، پاکستانی مصنوعات بہترین، گلوبل برانڈز بن سکتی ہیں۔