موبی بینک جاز کیش کا پیاروں کو ”عیدی“ بھیجنے والوں کو 53 روپے کا رگڑا

لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) مہنگائی سے بدحال عوام کو موبی بینک جاز کیش نے بھی عید پر رگڑا لگا دیا۔ اپنے پیاروں کو عیدی سینڈ کرنے کی 53 روپے تک فیس کاٹی گئی۔ عوام نے جاز کیش کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق موبی لنک جاز کمپنی کے موبی بینک جاز کیش نے عید پر اپنے پیاروں کو عیدی بھیجنے پر 53 روپے تک کٹوتی کر کے عیدی کا مزا کرکرا کر دیا۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے گلبرگ کے رہائشی جاوید اقبال نے کہا کہ موبی لنک جاز کال پر تو شب خون مارتی ہے اب جاز کیش کے ذریعے بڑی بڑی کٹوتی کی جا رہی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو اس بات کا نوٹس لینا چاہئے۔ شاہ جمال کالونی کے رہائشی ندیم خان نے کہا کہ عوام کے اربوں روپے جاز کیش میں پڑے رہتے ہیں جاز کیش ان پیسوں پر پرافٹ دینے کی بجائے الٹا کٹوتی کر رہا ہے۔ اگر موبی بینک واقعی بینک ہے تو سٹیٹ بینک آف پاکستان کو اس کے خلاف ایکشن لینا چاہئے، اسکے علاوہ عید سے 3 دن پہلے جاز کیش کا سرور بیٹھ گیا تھا جس سے جاز کیش صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔