اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ر)سجاد غنی نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلیشیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، گلیشیرز پگھلنے سے واٹر سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔ورلڈ واٹر ڈے اور ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین واپڈا سجاد غنی نے کہا کہ 22 مارچ 2025ءکا دن نہایت اہمیت کا حامل ہے، گلیشیرز ہمارے دریاوں کیلئے زندگی اور تازہ پانی کا اہم ترین ذریعہ ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا گلیشیرز کے تحفظ اور پاکستان میں پائیدار آبی نظام کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا ماحول دوست پن بجلی کے ذریعے کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے عمل میں پیش پیش ہے۔سجاد غنی نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے اور پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کی غرض سے توانائی کیلئے تیل پر انحصار میں بھی کمی لائی جا رہی ہے۔
گلیشیرز دریاوں کیلئے زندگی اور تازہ پانی کا اہم ترین ذریعہ ہیں: چیئرمین واپڈا

















