پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو بسایا،کوئی نیا آپریشن نہیں ہورہا،طلال چودھری

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے پی ٹی آئی نے اپنے دور میں دہشتگردوں کو بسایا،دہشتگردی پھر زور پکڑ رہی ہے،کوئی نیا آپریشن نہیں ہورہا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اگر دہشت گردوں کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے تو ان کے دوست نہ بھی بنیں، علی امین گنڈا پور نے کہا کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، واضح کرنا چاہتے ہیں کوئی آپریشن نہیں ہورہا اور نہ ہی کوئی آپریشن کی بات ہوئی ہے، وزیراعلیٰ کے پی قومی سلامتی اجلاس پر کنفیوژن پیدا کررہے ہیں،ہتھیار اٹھانے والوں سے ہتھیار کی زبان میں بات ہورہی ہے، مذاکرات تو ان سے ہوتے ہیں جن کے ہاتھ میں بندوق نہیں ہوتی۔

وزیر مملکت نے کہا قومی سلامتی کمیٹی میں پی ٹی آئی نے شرکت نہیں کی، بانی پی ٹی آئی اپنی حکومت میں بھی سکیورٹی میٹنگز میں اپوزیشن کےساتھ بیٹھنے سے انکاری رہے، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کےلئے نئے آپریشن کا شوشہ چھوڑا گیا،بانی پی ٹی آئی نے ایک ہفتے بعد جعفر ایکسپریس واقعے کی مذمت کی، انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کام معلومات فراہم کرنا ہوتا ہے، خیبرپختونخوا کو 800 ارب روپے دیئے گئے، 8 ارب بھی نہیں لگائے گئے، خیبرپختونخوا حکومت بتائے دہشت گردی کےخلاف کیا اقدامات کیے؟، فیصلہ کر لیا گیا جنگ لڑی جائے گی، سکیورٹی فورسز ملکی دفاع کےلئے دن رات کوشاں ہیں، عزم استحکام اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہوگا، دہشت گردوں کے پیٹرن انچیف بانی پی ٹی آئی ہیں۔