نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا بائیکاٹ جمہوری رویوں کے منافی ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا بائیکاٹ جمہوری رویوں کے منافی ہے، عمران خان نے بطور وزیراعظم بھی قومی سلامتی کمیٹی میں شرکت سے انکار کیا، عمران خان کے ساتھ صرف افراتفری، انتشار اور گھیرا ﺅجلا ﺅجیسی چند باتیں جڑی ہوئی ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی افواج بہادر اور عوام ثابت قدم ہیں۔انہوںنے کہاکہ روزانہ سکیورٹی فورسز پر حملے ہو رہے ہیں، صورتحال تشویشناک ہے، پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کو اس وقت اتحاد کی اشد ضرورت ہے، پارلیمانی کمیٹی کی حیثیت کو کمزور کرنا قومی مفاد کے خلاف ہے۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومتیں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں، پاکستان کی گورننس میں بڑے پیمانے پر ریفارمز ناگزیر ہیں، اگر صوبائی حکومت سکیورٹی فورسز کو آپریشن سے روکتی ہے تو حالات کی ذمہ داری بھی قبول کرے۔