صدرنے نئی نہریں نکالنے کے یکطرفہ فیصلے پر حکومت کو خبردار کردیا،بلاول بھٹو

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے صدرنے نئی نہریں نکالنے کے یکطرفہ فیصلے پر حکومت کو خبردار کردیا، ہمیشہ نظرئیے ، اصولوں کی سیاست ،آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہاآدھی مدت کےلئے وزیراعظم کے عہدے کا فارمولا ٹھکرایا، اگر حکومت کا من و عن ساتھ دیتے تو پھر وفاقی حکومت کا حصہ ہوتے مگر ابھی تک مکمل طور پر اعتماد سازی نہیں ہوئی کہ حکومت کا حصہ بنیں،دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنا صوبے کے عوام کےلئے زندگی اور موت کا کیس ، یہ مشترکہ مفادات کونسل کا معاملہ ہے، متفقہ فیصلے لینے چاہئیںاگر دریا کی ٹیل پر رہنے والوں کو حق نہیں دیں گے تو اپنا کیس کیا لڑیں گے، جہاں عوامی مسائل حل ہوں گے اور معیشت میں بہتری آئے گی، وہاں حکومت کی تعریف کرنا ،ساتھ دینا فرض ہے لیکن جہاں عوامی مسائل پیدا ہوں گے وہاں اپنی رائے کا اظہار بھی کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاپیپلزپارٹی قومی اسمبلی میں تیسری بڑی قوت ہے، ایوان میں دوسری بڑی جماعت پی ٹی آئی ہے اور وہ کیا کررہی ہے؟ ہمارے ووٹرز کا بڑا مطالبہ مہنگائی میں کمی تھا جس میں بہرحال بہتری ہے، دوسری طرف تو صرف قیدی 420 رہا کرنے کا مطالبہ ہے، ہمارے ووٹرز کا کیا لینا دینا؟، پانی کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی خاموشی کا بیانیہ سفید جھوٹ ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے پانی کے ایشو کو اٹھایا، 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں بھی معاملے پر بات کی تھی، قومی اسمبلی کے ہر اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ارکان نے بات کی، صوبائی حکومت، وزیراعلی سندھ سمیت دیگر وزراءنے بھی معاملہ اٹھایا،سابق وزیر خارجہ نے کہاپیپلز پارٹی گرین پاکستان، گرین سندھ، گرین پنجاب، گرین کے پی اور گرین بلوچستان کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے،خیبر پختونخوا میں لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال پر اگر صوبائی حکومت کچھ نہیں کرتی تو وفاق کو کام کرنا ہوگا۔