اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں ، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے حکومت کو ایک ارب ڈالر کی قسط کے حصول کےلئے نئے اہداف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام قسط کے فوری اجرا کےلئے مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، پالیسی سطح کے مذاکرات میں ایف بی آر حکام نے ٹیکس وصولیوں میں 605 ارب روپے کا شارٹ فال پورا کرنے کی تفصیلات آئی ایم ایف کو فراہم کردیں ،مذاکرات میں حکومتی معاشی ٹیم اورآئی ایم ایف کے درمیان ایگری کلچر انکم ٹیکس پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے حکومت کو ایک ارب ڈالر کی قسط کے حصول کےلئے نئے اہداف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،ذرائع نے کہا آئندہ مالی سال کے بجٹ اور گردشی قرض میں کمی پر مذاکرات ہوں گے، بجلی کے بلوں پر 2.80 روپے فی یونٹ سرچارج لگانے کی تجویز زیر غور ہے، پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر کاربن ٹیکس لگانے کے امکان پر غورہوا، کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں پر کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز پر بھی بات چیت ہوگی، نجکاری کے شارٹ ٹرم پلان پر حتمی بات چیت ہوئی،ذرائع کے مطابق الیکٹرک وہیکل پالیسی میں ٹیکس اصلاحات پر بھی گفتگو جاری ہے، تکنیکی مذاکرات میں پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ متوقع ہے،ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے آئی ایم ایف کو بریفنگ دی گئی زرعی انکم ٹیکس کی مد میں 300 ارب روپے جمع ہونے کی گنجائش ہے ، سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان پر خصوصی سیشن ہوا، سرکلر ڈیٹ کم کرنے کےلئے 1250 ارب روپے کا قرض لینے کا پلان تیار کیا گیاہے، حکومت نے بینکوں سے 10.8 فیصد شرح سود پر 1250 ارب روپے قرض لینے کی تجویز دی ہے،وزارت خزانہ نے کرنٹ اکاﺅنٹ، مالی خسارہ کنٹرول کرنے اوربین الاقومی فنانسنگ پربریفنگ دی جبکہ اصلاحات اور ٹیکس ٹوجی ڈی پی بڑھانے کی تفصیلات بھی فراہم کردی گئی ہیں۔
حکومت کو آئی ایم ایف قسط کے حصول کےلئے نئے ٹیکس اہداف اور شرائط کا سامنا،”ڈو مور“ کا مطالبہ متوقع

















