مریدکے (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ اور ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تخریب کار، ملک دشمن ، بیرونی طاقتوںکاآلہ کارہے اور ایسے عناصر کا ملکی سیاست میں اب کوئی کردار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گرد، تخریب کار، انتشاری، توڑ پھوڑ اور گالی گلوچ ٹولہ پیدا کیا ہے اور سوچنے کی بات ہے کہ یہ پارٹی ملک کو کس طرف لیجا رہی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری تبدیلی موسمیات انجینئر رانا احمد عتیق انور ایم این اے، سابق چیئرمین بلدیہ رانا ماجد نواز، کوارڈی نیٹر رانا حسیب عامر، رانا عبد السمیراور سید اعجاز الحسن شیرازی کے ہمراہ اپنے فارم ہا وس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ عید کے بعد اپوزیشن کی کوئی تحریک نہیں چلے گی اور ان کے لیڈر ابھی تک صرف سوچ بچار میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ماضی کا قصہ بن چکی ہے اور ان کا مستقبل تاریک ہے۔ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی مولانا فضل الرحمن کی طرف سے ناں ہی سمجھے وہ ایک طرف مولانا کو گالیاں دیتے ہیں اور دوسری طرف ان کی منتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کی پاکستان کو فون کال سے پی ٹی آئی کا ٹرمپ انتظار بھی تمام ہو چکا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کے خلاف جو کام کئے ان کا فیصلہ ٹرمپ نہیں پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتوں کو قائدین کی غلامی کا طعنہ دینے والے خود اپنے لیڈر کی غیر سیاسی بیوی سے غلیظ گالیاں کھا رہے ہیںجو مکافات عمل ہے ۔ میاں نواز شریف جیسے لیڈر وں نے اپنی پوری زندگی پاکستان کیلئے سرو کیا ہے اور پاکستان کی ترقی انہی کی خدمات کے مرہون منت ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ افواج پاکستان اور حکومت نے پہلے بھی دہشت گردی کو کچلا اور اب بھی اسے کچل دیا جائے گا۔ ہمارے فوجی جوانوں کی شہادتیں دہشت گردوں کو سر نہیں اٹھانے دیں گی اورخوارجیوں کی روزانہ کی بنیاد پر جہنم واصل کیا جا رہا ہے ۔ سب سے بڑے دہشت گرد شریف اللہ کو پکڑ کر امریکہ کے حوالے کیا گیا ہے ۔گندم کی نئی قیمت کے حوالے سے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ گندم سمیت تمام اجناس کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کی جا رہی ہیں اور کسان کو اس کا فائدہ ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ گندم کی قیمت حکومت مقرر نہیں کرے گی تاہم اس میں اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ ترقی وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی دن رات محنت کے مرہون منت ہے۔
بانی پی ٹی آئی تخریب کار، ملک دشمن، بیرونی طاقتوں کا آلہ کار ہے: رانا تنویر

















