متاثرین بھاشا اور داسو ڈیم کی بحالی ، علاقے کی ترقی اوّلین ترجیح ہے: امیر مقام
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی قیادت میں خصوصی کمیٹی نے چلاس گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔وفد میں وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو، چیئرمین واپڈا جنرل (ر) سجاد غنی، وفاقی سیکرٹری ظفر حسن، جبکہ گلگت بلتستان سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، چیف سیکرٹری ابرار احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔دورے کے دوران وفد نے متاثرین بھاشا ڈیم کے جرگے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت متاثرین بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کی بحالی اور علاقے کی ترقی کو اپنی اوّلین ترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہے۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ چولہا پیکیج، آبادکاری پروگرام، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چلاس میں دانش سکول کے قیام کیلئے وزیراعظم سے خصوصی سفارش کا وعدہ بھی کیاواپڈا کی جانب سے متاثرین کیلئے واپڈا کالج میں سیشن ڈبل کرنے اور میڈیکل و انجینئرنگ طلباءکی فیسوں کے حوالے سے بھی اعلان کیا گیا۔وفاقی وزیر نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ سی بی ایم کے تحت بننے والے 23 سکولز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ زمین کے معاوضے کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔جرگے میں متاثرین نے اپنے مسائل پیش کئے جن کے حل کے لیے تکنیکی کمیٹی کو فوری ہدایات جاری کی گئیں کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور کمشنر دیامر ان مسائل پر سفارشات مرتب کر کے مرکزی حکومت کو بھجوائیں ۔وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو، چیئرمین واپڈا جنرل (ر) سجاد غنی، اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بھی جرگے سے خطاب کیا۔



















