اتحاد قائم رکھنا پی پی،ن لیگ دونوں کی مجبوری،پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ،رانا ثنا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنا ءنے کہاہے اتحاد قائم رکھنا پی پی،ن لیگ دونوں کی مجبوری،پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ،لوگ اپنی طاقت پر کرکٹ بورڈ میں آکرمرضی کرتے ،مراعات حیران کن ،50، 60 لاکھ روپے تنخواہ پر مینٹور بنا دئیے گئے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءنے کہاپاکستان معاشی بحران سے نکل آیا اور حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ہرلحاظ سے بہتر ہے،نئے وزرا کی شمولیت سے پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں آئے گا، حکومت نے معاملات کو ٹھنڈا کرنا اور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے،چھوٹے موٹے تحفظات آئندہ بھی رہیں گے لیکن وزیراعظم نے کمیٹی قائم کر رکھی ہے ،ن لیگ ،پیپلز پارٹی کے افراد شامل ہیں،ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، جمہوریت ڈائیلاگ سے ہی آگے بڑھتی ہے، ڈیڈ لاک سے نہیں۔

مشیر وزیراعظم نے کہااپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں فضل الرحمن، شاہد خاقان عباسی، محمود خان اچکزئی جیسے سمجھدار سیاستدان ہیں، اپوزیشن کا گرینڈ الائنس ملکی سیاست اور جمہوریت کےلئے بہتر ہو گا،پاکستان کرکٹ بورڈ آزاد ادارہ ہے جو چاہے کر سکتا ہے، میری ذاتی رائے ہے کرکٹ بورڈ نے جو کیا کابینہ اور پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔