غیر ملکی ٹیموں کے دورے سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہو گا:گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے،غیر ملکی ٹیموں کے دورے سے پاکستان کا دنیا میں مثبت امیج اجاگر ہوگا،ہاکی کے میدان میں ایک بار پھرپاکستانی پرچم اونچا دیکھنا چاہتے ہیں،سکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کی بدولت چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد ممکن ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں ڈچ اور جرمن ہاکی کلب کی ٹیموں اور شرکا کے اعزاز میںدیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ غیر ملکی ہاکی ٹیموں کا پاکستان آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کی بدولت چیمپیئنز ٹرافی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد خوش آئندہے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کو پاکستان میں پرامن کھیلوں کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہالینڈ اور جرمنی کی ہاکی ٹیموں کا پاکستان آنا ہمسایہ ممالک کواس بات کا پیغام ہے کہ وہ بھی اپنی ٹیموں کو کھیلنے کیلئے پاکستان بھیجیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کے لوگ بہت محبت اورپیار کرنیوالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں ہاکی کے میدان میں متعدد بارپاکستانی پرچم بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ بہت جلد قومی کھیل ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کھیلوں کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو انتشار کی سیاست سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قومی کھیل ہاکی کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہاکی سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد یقینا ملک کے درست حالات کی ترجمانی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کے دورے سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہو گا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمارے لئے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ایک پاکستانی فرید احمد ڈچ ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں۔انہوں نے ٹیموں کوپاکستان بلانے پروزیر اعظم یوتھ پروگرام برائے سپورٹس کے چیئرمین اولمپئن خواجہ جنید، یورپین ہاکی کوارڈنیٹر پرویز سندھیلہ، ڈائریکٹرسپورٹس ہائر ایجوکیشن جاوید میمن اور جنید چھٹہ کی کاوشوں کو سراہا۔