لاہور (خبرنگار) پنجاب بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی و جہ سے یونین کونسلوں کے سیکرٹریز کی نااہلی، غیر ذمہ داری اور کرپشن کی وجہ سے طلاقوں کی صورت میں ہر سال ہزاروں گھر اجڑنے لگے۔ثالثی کونسلیں میاں بیوی میں مصالحت کی بجائے طلاقیں کروا رہی ہیں۔پنجاب کی 4015 یونین کونسلوں کے مصدقہ اعداد و شمار کے مطابق صرف 3 سے 4 فیصد کیسوں میں صلح جبکہ 96 فیصد سے زائد کیس طلاق پر ختم ہو رہے ہیں۔خلع کے کیسوں میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جس کی ایک بڑی وجہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کا موجود نہ ہونا ہے جو اپنے اثر و رسوخ اور مثبت کردار ادا کر کے بیشتر کیسوں میں میاں بیوی میں صلح کروا کے گھر اجڑنے سے بچا لیتے تھے۔اسکے برعکس یونین کونسلز کے سیکرٹریز بنیادی ذمہ داری میاں بیوی میں صلح کروانے ،مصالحت کی بجائے غیر قانونی طور پر دوسری اور تیسری طلاق دینے پر مجبور کرتے ہیں تاکہ کیس بھی ختم ہو اور دونوں طرف سے مال بھی بٹورا جا سکے،قانون طلاق سرٹیفکیٹ کیلئے دوسری اور تیسری طلاق کا قطعاً مطالبہ نہیں کرتا ہے۔یونین کونسلوں کے سیکرٹریز میں اہلیت ہی نہیں وہ صلح کروا سکیں نہ وہ اس فرض یا ذمہ داری میں دلچسپی لیتے ہیں۔ جن کا مقصد ہی طلاق سرٹیفکیٹ میں ہزاروں روپے رشوت وصولی ہی ہوتا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹرز کا کردار میں قابل ستائش نہیں جو ثالثی کونسلوں کو مثبت طریقے سے چلانے اور فیصلوں میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے پنجاب میں خلع اور طلاق کے کیسوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ بلدیات پنجاب کے اعلیٰ حکام جب یونین کونسلوں سے کیسوں کی تفصیلات منگواتے ہیںتو زیر التواءکیسوں کی رپورٹ سے بچنے کیلئے سیکرٹریز یونین کونسل پھرتی میں دیہاڑیاں لگا کر طلاقیں کروا کے کیس ختم کر کے کارکردگی پیش کر دیتے ہیں جس کو افسران بھی خوشدلی سے قبول کررہے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اس پر مطمئن اور خوش ہو جاتے ہیں کہ انکے پاس کیس کم یا آنے کی نوبت نہیں آتی۔ جن میاں بیوی کی طلاق یونین کونسلوں میں فوری نہیں ہوتی وہ اے ڈی ایل جیز اور ڈی ڈی ایل جیز کروا دیتے ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر اور بلدیاتی نمائندوں کے طویل عرصہ سے غیر فعال رہنے کی وجہ سے ثالثی کونسلوں کا کردار متنازعہ ہوچکا ہے۔ طلاق اور خلع آسان جبکہ صلح نا ممکن بنا دی گئی ہے، سیکرٹریز کے خراب کئے ہوئے کیس عدالتوں میں بھی نہیں سلجھ نہیں پاتے۔
یونین کونسل سیکرٹریز کی نااہلی، کرپشن، طلاقوں کی شرح میں اضافہ

















