لاہور (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب نے تعلیمی اداروں میں جاری انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر علامہ اقبال میڈیکل کالج، یونیورسٹی آف ساو¿تھ ایشیا، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے اہم فیکلٹی ممبران اور طلبہ بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید (ہلال امتیاز ملٹری) نے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ گفتگو کی۔ انہوں نے معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی بات چیت کی اور اس کے تدارک کیلئے اے این ایف کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ طلباءنے ڈی جی اے این ایف کے ساتھ گفتگو میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور متعدد سوالات کئے جن کے جامع اور موثر جوابات فراہم کئے گئے۔ مزید برآں طلبہ اور فیکلٹی میں سے چند برانڈ ایمبیسڈرز بھی نامزد کئے گئے تاکہ اس پیغام کو وسیع پیمانے پر پھیلایا جا سکے اور منشیات سے پاک پاکستان کا مشن پورا کیا جا سکے ۔
اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کی تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات آگاہی مہم

















