ایک اور سیاہ فیصلہ،ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے،پی ٹی آئی کااعلان

راولپنڈی، اسلام آباد،پشاور: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے عمران،بشریٰ کو سزا کافیصلہ مسترد کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کااعلان کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا عوام سے کہتا ہوں مایوسی گناہ ہے، مایوس نہیں ہونا، جلد ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے، دنیا کو بتانا چاہتے ہیں عمران خان نے کوئی جرم یا گناہ نہیں کیا،بانی ٹوٹیں گے نہ ہی سمجھوتہ کریں گے،جج کے فیصلے سے کوئی حیرانگی نہیں ہوئی، بانی اور بشریٰ فیصلے پر مسکرائے، عمران خان کا عوام کیلئے پیغام ہے مایوس نہیں ہونا،متنازع فیصلوں میں ایک اور اضافہ ہوا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا190 ملین پاونڈز سیاسی انتقام کا کیس ہے،فیصلہ دیوار پر لکھا نظر آ رہا تھا،عمران خان کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے، اپنی بیگناہی ثابت کریں گے، بشری بانی پی ٹی آئی کےساتھ کھڑی ہیں،حکومت کےساتھ مذاکرات جاری رہیں گے، 7 دن میں کمیشن پر پیشرفت نہیں ہوتی تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا فیصلے کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے،سوال تو نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سے پوچھنا چاہیے تم نے جس پیسے سے لندن میں ون ہائیڈ پارک کی عمارت خریدی وہ پیسہ کس طرح باہر لیکر گئے اور آگے پھر عمارت بیچی، رقم کا تم نے کیا کیا؟ وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا ایک اور سیا ہ فیصلہ،ملک میںقانون ہے نہ آئین کی بالادستی ، القادرٹرسٹ سے حکومت کو ایک دھیلے کا نقصان نہیں پہنچا،ملک کو لوٹنے والے معزز بنے بیٹھے ،معصوم لوگ جیل میں ہیں،لیڈر ثابت قدم ہیں، فیصلے کو دوسری عدالتوں میں لیکر جائیں گے،ماضی میں توشہ خانہ ،عدت کیسز کو بھی عدالتوں نے باہر پھینکا، بانی پی ٹی آئی ، کارکنوں پر بنائے تمام کیسز سیاسی ہیں، صبح ضرور ہوگی ۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہاالقادر ٹرسٹ کا فیصلہ انصاف کا قتل ہے ،سزا کو مسترد کرتے ہیں ،انصاف کے اصولوں کے تحت کیس کو سنا جاتا تو بری کیا جاتا ، اہلیہ عمران خان سامان ساتھ لےکر گئی تھیں،فیصلے کا مقصد جھکانا ہے مگر عمران خان جھکے گا نہیں،ملک میں فلاحی ادارے قائم کرنے پر سزا دی گئی،سر شرم سے جھک گیا،فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے،کینگرو کورٹس عمران خان کو نہیں جھکا سکتیں، کیسز اعلیٰ عدالتوں میں ختم ہو جائیں گے اب مذاکراتی عمل سے کوئی تعلق نہیں تاہم حتمی فیصلہ مرکزی قیادت کو کرنا ہے۔

اسد قیصر نے کہا تمام سیاسی جماعتوں ، لوگوں ،انسانی حقوق کے نمائندوں سے رابطہ کریں گے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کےلئے ساتھ دیں۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ایک ماہ سے پتہ تھا عمران خان کو سزا دینی ہے،نظام پر بہت دکھ ہوا، یونیورسٹی بانی پی ٹی آئی کا خواب تھا،عمران خان کو یونیورسٹی بنانے پر سزا دی گئی،فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے،بانی پی ٹی آئی کہہ رہے تھے حوصلہ کریں۔

شوکت یوسف زئی نے کہا فیصلہ سیاسی انتقام ہے ،آئین، انصاف ، قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، دن سیاہ کے طور پریاد رکھا جائے گا،فیصلے میں حکومتی بدنیتی بھی عیاں ہیں، سیاسی استحکام کی کوششوں کو دھچکا لگے گا، پوری قوم کو فیصلے سے مایوسی ہوئی ،ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا،شوکت یوسفزئی نے کہااب پی ٹی آئی کو بھی سوچنا ہوگا ملک میں انسانی حقوق اور رول آف لا کےلئے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہے کیونکہ ایسے ماحول میں ملک ترقی نہیں کر سکتا، فیصلہ تو پارٹی کرے گی مگر میرے خیال میں اب حکومت سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں،بد قسمتی سے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں لے جانے والے اور منی لانڈرنگ کر کے باہر جائیدادیں بنانے والے آزاد گھوم رہے اور حکومت میں ہیں،پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی اور جگ ہنسائی ہوگی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا فیصلہ بار بار موخر کرنے سے پہلے ہی واضح ہو چکا تھا بانی پی ٹی آئی کو انصاف نہیں ملے گا،”انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار“ پر مہر تصدیق ثبت ہوگئی، 3بار فیصلہ موخر کرنے سے انصاف کا جنازہ نکال دیا گیا،جعلی مقدمے میں سزا سنانا انتہائی افسوسناک ہے،فیصلے کےخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے،بانی پی ٹی آئی کا حوصلہ پست نہیں کیا جا سکتا، جعلی مقدمہ انجام کو پہنچے گا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا فیصلے سے عدلیہ نے اپنا نام بدنام کیا،کیس اور سزا ہائی کورٹ میں 3 سے 4 سماعتوں کی مار ہے، سزا اور فیصلہ بڑی عدالت سے اڑ جائے گا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا فیصلے کےخلاف ہر فورم پر جائیں گے، بانی پی ٹی آئی کہہ دے مجھے چھوڑ دو میں حکومت کو کچھ نہیں کہوں گا تو باہر نکال دیا جائے گاایسی رہائی نہیں چاہیے، عوام کی طاقت سے جنگ جیتیں گے،آئین کی بالادستی کےلئے 3 روزہ کانفرنس بلائیں گے۔

علامہ ناصر عباس راجہ نے کہا ملک جاہلوں کے ہاتھوں میں ہے،عوام ،پاکستان دشمن فیصلہ ہے،دنیا میں پاکستان کا مزید مذاق اڑایا جائے گا۔