پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند، خدمات موبائل ایپ پر فراہم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ”نادرا موبائل ایپ“لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کرلیا،”پاک آئی ڈی ویب سائٹ“بند کردی گئی۔

محسن نقوی نے کہا 3 نئے ریجنل سنٹرز آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے،نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات اب موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات درپیش تھیں،جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر تے رہے،وزارت داخلہ ،خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ، نادرا دیگر اداروں کےساتھ ملکر ساتھ عناصر کےخلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہانادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنادیا گیا ، شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی ، ب فارم ، ایف آرسی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں،شہری اب گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔