ریاض ، فیوچر منرلز فورم میں وزیر پٹرولیم کی پاکستانی کان کنی کے شعبے کی پذیرائی

ریاض(مشرق نیوز) فیوچر منرلز فورم (ایف ایم ایف) نے شرکت کرنے والے 20 ہزار سے زیادہ رجسٹرڈخواتین وحضرات کودوسرے دن بھی اپنی جانب متوجہ کیا جن میں وزراء، کان کنی کے شعبے سے منسلک پیشہ وراورخدمات فراہم کرنے والے افراد، سرمایہ کاران اور ماہرین تعلیم شامل ہیں۔ یہ فورم عالمی کان کنی کی صنعت میں شراکت داروں کوایک جگہ لانے کیلئے ایک اہم موقع ثابت ہوا۔ پاکستان پویلین اس فورم کے شرکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ایک مہمان نے کہا کہ اگر بہترین ڈیزائن کے پویلین کیلئے ایوارڈ دئیے جائیں تو پاکستان پویلین ضرور جیت جائیگا۔ پاکستان کے وزیر پٹرولیم اور آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک نے فورم میں لگائے گئے مختلف سٹالز کے جائزے کے دوران پاکستان پویلین کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے پویلین کے تزئین وآرادئش میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی کاوشوں اور دیگر شریک کمپنیوں کے تعاون کی تعریف کی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے عالمی معدنی طلب کو پورا کرنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔ انہوں نے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے عملی نقطہ نظر پر روشنی ڈالی اور کان کنی کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترکی، چین اور چلی جیسے ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کان کنی کے بڑھتے ہوئے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا اور ممکنہ سرمایہ کاری کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ پاکستانی وفد نے 16 جنوری کو صبح 9:30 سے 11 بجے کے دوران 90 منٹ کے اجلاس کی میزبانی کی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران عباسی، ریکوڈک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر مقررین نے پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول اور اس شعبے کی ترقی کیلئے حکومت کے سٹرٹیجک وژن پر روشنی ڈالی۔