لاہور:( خبر نگار)سربراہ عوام پاکستان پارٹی و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے 8فروری کا الیکشن سیاسی انقلاب تھا ،لوگوں نے انتخابی نشان دیکھا نہ جلسہ ،ملک کے بڑوں کو ملکر حل نکالنا پڑےگا،ماضی بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے ،8فروری کو نواز شریف کہتے الیکشن ہار گئے ہیں تو ملک دوراہے پر نہ ہوتا،عمران خان کی مقبولیت باقی جماعتوں کی ناکامی کے باعث ہے،الزاما ت کا کھیل ختم کرنا ہوگا ،کسی کو آئین پسند نہیں تو ملکر تبدیل کر لیںتوڑیں مت۔
تھنک فیسٹ میں ”پاکستان میں ہمیشہ سیاست مسائل کا شکار کیوں رہتی ہے“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا 16سال سے پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت کر رہی ہے، پی ٹی آئی خیبر پختوانخو میں11سال سے حکومت میں ہے،ن لیگ کئی سال سے اقتدار میں ہے لیکن کسی نے صحت ، تعلیم یا انفرسٹرکچر جیسے مسائل کو حل نہیں کیا، ناکامی کی لمبی داستان ہے،بانی پی ٹی آئی 2018میں اپنی طاقت سے نہیں جیتے ،حقیقت کو ماننا چاہیے،سیاستدانوں کو ملک بچانے کےلئے بڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہان لیگی حکومت کو فوج نے توڑا ، عدلیہ ساتھ ملی ہوئی تھی لیکن پھر بھی ملک چلایا،میں فوج کی نیت پر شبہ نہیں کر رہا،جو کرنا ہے آئین کے اندر رہ کر یں،باہر جاتے ہیں تو مشکل ہوتی ہے،جو کہتا ہے کام کرنے نہیں دیا گیا اسے چاہیے استعفیٰ دے اور گھر چلا جائے ،اصول کے مطابق جنگ ضرور لڑیں،رول آف لا کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا،جہاں الیکشن چوری ہووہاں سیاسی و معاشی استحکام نہیں آئے گا، آئین پر عمل کرنا ہو گا ، ماضی کی سب غلطیوں کا اعتراف کرتا ہوں،عمران خان جیل کے اندر ہوں یا باہر ہوںحکومت چلنے والی نہیں
8فروری کا الیکشن سیاسی انقلاب ،ملک کے بڑوں کو مل کر حل نکالنا پڑےگا،شاہد خاقان عباسی

















