عوامی فلاح کیلئے حکومتی ،سماجی تنظیموں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے:ملک احمد خان
لاہور (اپنے رپورٹر سے) قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان کی زیر صدارت گورنر ہاس لاہور میں عوامی خدمت کمیٹی قصور کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمیٹی کے ممبران کو ان کی شاندار فلاحی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔قائم مقام گورنر پنجاب نے عوامی خدمت کمیٹی کی کم وسائل میں عوامی فلاح کیلئے انجام دی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، یتیم بچیوں کی شادی اور میڈیکل کیمپس میں کمیٹی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے مزید کہا کہ سرحدی اور دور دراز علاقوں میں کمیٹی کی بے لوث خدمات لائق ستائش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کے اصلاحاتی پروگرامز کی حمایت سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانا ممکن ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کیلےءحکومتی اور سماجی تنظیموں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔قائم مقام گورنر نے یقین دلایا کہ فلاحی سرگرمیوں کو مزید فروغ دے کر عوامی خدمت کے اس سفر کو جاری رکھا جائے گا۔ تقریب کے معزز مہمانوں نے بھی عوامی خدمت کمیٹی کی خدمات کو سراہا اور کمیٹی کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔تقریب میں قومی اسمبلی کے اراکین ملک رشید احمد خان اور ریاض الحق جج کے علاوہ سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب، امام بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، معروف یوٹیوبر رجب بٹ، عبدالرحمان شاہ، اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔یہ تقریب عوامی خدمت کے حوالے سے حکومت اور سماجی تنظیموں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ایک اہم کوشش تھی۔

















