معاشرے کے مستحق اور محروم طبقات کا مکمل اور مربوط ڈیٹا بیس ناگزیر ہے : گنڈاپور

پشاور (جہانگیر خان مست خیل)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت حقوق پاکستان پروجیکٹ-lI سے متعلق اجلاس گزشتہ روز  وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں منصوبے پر مو¿ثر عملدرآمد اور اس کے اہداف کے حصول کےلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ فیڈرل سیکرٹری ہیومین رائٹس اللہ دینو خواجہ اور ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل کے علاوہ متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام اور یو این ڈی پی کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن میکنزم ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کو منصوبے کی اہم خصوصیات، اہداف، مجوزہ سرگرمیوں، منصوبے پر عمل درآمد کےلئے متعلقہ وفاقی اورصوبائی محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن، چیلنجز اور دیگر معاملات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ساڑھے تین سالہ منصوبہ یورپین یونین اور یو این ڈی پی کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے جس کا بنیادی مقصد صوبے میں متعلقہ اداروں کو مضبوط کرکے انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ پراجیکٹ کے تحت خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے کےلئے صوبے میں ہومین رائٹس انسٹیوشنز قائم کئے جائیں گے جبکہ اس مقصد کےلئے صوبے میں ہیومین رائٹس سے متعلق تمام  ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ مزید برآں ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن سے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو اسٹریم لائن کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں انسانی حقوق سے متعلق پروگرامز شروع کئے جائیں گے جبکہ اس مقصد کےلئے صوبائی حکومت صوبے میں دو یونیورسٹیوں کی نشاندہی کرے گی۔پروگرام کے تحت صوبے میں ہیومین رائٹس نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کےلئے مختلف اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ انسانی حقوق سے متعلق صوبے کے تمام متعلقہ محکموں کے ڈیٹا کو اینٹگریٹ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کےلئے صوبائی حکومت کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور منصوبے پر عمل درآمد کےلئے تمام متعلقہ محکموں کو بھرپور تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہم معاشرے کے مخصوص اور محروم طبقات کے ڈیٹا بیس کو سنٹرلائزڈ کرنا چاہتے ہیں،صوبائی حکومت اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو پہلے سے ہدایات دے چکی ہے۔ امید ہے یہ منصوبہ صوبائی حکومت کے جاری اقدام کی تکمیل کےلئے معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے مستحق اور محروم طبقات کا مکمل اور مربوط ڈیٹا بیس نہایت ناگزیر ہے جبکہ سنٹرلائزڈ ڈیٹا بیس اور مراکز کے قیام سے سب کو یکساں معیاری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی۔ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں معذور افراد کو مطلوبہ آلات و سہولیات کی فراہمی پر بھی کام کر رہی ہے، مذکورہ ڈیٹا بیس کے قیام سے ہم اس سلسلہ میں تیز رفتاری سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کےلئے فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے منصوبے کو دیرپا بنیادوں پر چلانے کےلئے صوبائی سطح پر سٹیرنگ کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ محکمہ خزانہ اور پی اینڈ ڈی کے حکام کو ترجیحی بنیادوں پر سٹیرنگ کمیٹی میں شامل کیا جائے، یہ محکمے منصوبے کو مستقل اور دیرپا بنیادوں پر چلانے کی بھرپور استعداد رکھتے ہیں۔ انسانی حقوق سے متعلق اداروں کو مضبوط بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے بد قسمتی سے اس سلسلے میں بین الاقوامی سطح پر ہماری ساکھ رو بہ زوال ہے۔اگر حالات کا غیر جانب دار جائزہ لیں تو ماننا پڑے گا کہ ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی بڑھتی جا رہی ہے۔ملک کی ساکھ بچانے اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کےلئے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے۔ ہم خلا خود پیدا کرتے ہیں جس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر ہم واقعی خوشحال معاشرہ چاہتے ہیں تو عملی اقدامات کرنا ہونگے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں، آج فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جو کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔ کرم مسئلے پر معاہدے کے حوالے سے بدھ کے روز یہاں سے جاری اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا 'میں اس اہم پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہوں اور تمام شراکت داروں کو مبارکباددیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کےلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وہ کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے کردار ادا کرنے پر علاقہ عمائدین، فریقین، جرگہ ممبران، کابینہ اراکین، متعلقہ سول وعسکری حکام کے شکر گزار ہیں، یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دستخط سے کرم کا زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار ہوگئی، فریقین نے معاہدے پر دستخط کرکے علاقے میں امن کےلئے مثبت کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ فریقین کے درمیان نفرت پھیلانے والے عناصر کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ علاقے کے لوگ امن پسند ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ منافرت پھیلانے والے عناصر کومسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ہمار ی کوشش اور خواہش ہے کہ کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوں اور وہاں معمولات زندگی بحال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لڑائی اور تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مسائل اور تنازعات ہمیشہ مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں، تشدد ہمیشہ تشدد کو جنم دیتا ہے جو نہ فریقین، نہ علاقے اور نہ ہی حکومت کے مفاد میں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم سب ایک ہی مذہب کے ماننے والے ہیں، پر امن بقائے باہمی اور رواداری ہمارے مذہب کی بنیادی تعلیمات میں سے ہیں، پشتون روایات میں بڑے سے بڑے مسئلے جرگے کے ذریعے حل ہوجاتے ہیں، اور اللہ کا شکر ہے کہ ہم جرگوں اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف پیشرفت کر رہے ہیں، میں اس اہم پیشرفت پر کرم کے عوام کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے انہیں دور کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، علاقے میں امن ہوگا، تو ترقی بھی ہوگی اور عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔