نیول ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس ، پاک بحریہ کی کثیر الجہتی مشق، امن ڈائیلاگ کی تیاریوں کا جائزہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔ فورم میں بحیرہ ہند کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور خطے سے گزرنے والی قومی سمندری تجارت کے تحفظ اور سلامتی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ کانفرنس کے دوران نئے سال کے آغاز میں پاک بحریہ کی کثیر الجہتی مشق امن اور پہلے امن ڈائیلاگ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فورم میں جیو سٹرٹیجک ماحول، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی جامع بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے میری ٹائم سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کیخلاف کسی بھی جارحیت کا موثر طریقے سے جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اہلکاروں کے حوصلے اور جذبے کی تعریف کی۔ کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف کی سربراہی میں پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔