حکومت کے اتحادی نہیں ،ملک و قوم کے مفاد میں سپورٹ فراہم کر رہے ہیں :یوسف رضا گیلانی
لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی نہیں ہیں بلکہ ملک و قوم کے مفاد میں اسے سپورٹ فراہم کر رہے ہیں ، معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے ، نئی حکومت آتی ہے تو جانے والی حکومت کی معاشی پالیسی کو ختم کر دیا جاتا ہے جس کا نقصان ہوتا ہے ،معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے لئے میثاق معیشت نا گزیر ہے ،ہر شخص کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے ، حکومت ڈالرز میں ترسیلات زر بھیجنے والوں کو مراعات دے ،بیورو کریسی نے مختلف اداروں کے بورڈز میں سینٹ ممبران کی شمولیت پر اعتراض اٹھایا ہے ،چیئرمین سینٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر تحریک استحقاق لانے کا سوچ رہے ہیں ،سینٹ کی معیشت کے حوالے سے قائمہ کمیٹیوں میں لاہور چیمبر کے ممبران کو خصوصی طور پر مدعو کرنے کی اجازت دیتا ہوں ،امریکہ کی جانب سے پاکستان کے میزائل پروگرام بارے تحفظات پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو میں خطاب کے دوران بات کی ہے یہی پیپلز پارٹی کاپالیسی بیان ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد ،سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان ،نائب صدر شاہد نذیر ، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ،سابق صدور اور دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایل سی سی آئی کا کاروبار کی ترقی اور معیشت کے حوالے سے اہم کردار ہے ،ملک کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ،معیشت پر کئی طرح سے دباﺅ ہے، معاشی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی تو ملک ترقی کرے گا، نجی شعبے کی شمولیت کے بغیر معیشت ترقی نہیں کر سکتی ،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے معیشت مضبوط ہو سکتی ہے، زراعت ، مینوفیکچرنگ اور سروسز سیکٹرز اہمیت کے حامل ہیں، تاجر برادری کی خواہش کے مطابق قانون سازی ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انوویشن اور ویلیو ایڈیشن کی جانب بڑھنا ہوگا ،برآمد کنندگان کو گلوبل مارکیٹ کے مطابق اپنا معیار کو بڑھانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو فراہم کی گئی ہے ،سپیشل اکنامک زونز کے ذریعے بھی مواقع میسر آرہے ہیں جس سے روزگار کے مواقع بڑھے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اب ڈیجیٹل انقلاب آرہا ہے ،بزنس کمیونٹی اور سینٹ میں رابطوں کے لئے کردار ادا کروں گا ۔ انہوںنے کہا کہ مہنگی بجلی اورگیس کے حوالے سے آپ کے جو تحفظات کئے گئے ہیں ان سے اتفاق کرتا ہوں ۔ بزنس کمیونٹی کی تجاویز صحیح طریقے سے ایوانوں تک نہیں پہنچ پاتیں ، آپ موثر رابطہ کریں آپ جس بھی قائمہ کمیٹی کے بارے میں کہیں گے اس کے سربراہ کو ملاقات کے لئے بلا لوں گا ، میں قومی مفاد میں آپ کا مقدمہ لڑوںگا ، جب تک قانون سازی صحیح نہیں ہوگا اس پر عملدرآمد کیسے ہوگا ، میں وزیر خزانہ کو بھی آپ کے ساتھ بٹھاﺅں گا، دوسرے وزراءبھی آپ کے ساتھ بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان میثاق جمہوریت ہوا تو حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی ،آنے والی حکومت نے جانے والی حکومت کو خوش دلی سے رخصت کیا ، یہ مزاج نہیں ہونا چاہیے کہ میں ہوں تو پاکستان ہے وگرنہ پاکستان اور نہ ہی ریاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور صنعت ترقی کریگی تو روزگا چلے گا ،زراعت میں ریل پیل ہو گی تو انڈسٹری بھی چلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اپنے دور میں گندم اور دیگر اجناس کی امدادی قیمتیں بڑھائیں تھیں توا س سے سمگلنگ کا خاتمہ ہوا ۔انہوںنے کہا کہ انٹر نیٹ کے حوالے سے جو مسائل سامنے آئے ہیں اس پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ذاتی حیثیت میں بات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں گوشت کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے ، ایکسپورٹرز کو عالمی معیار کے سلاٹر ہاﺅسزبنانے چاہئیں اور بیماریوں سے پاک گوشت ایکسپورٹ کرنا چاہیے تاکہ ہمارے آرڈر منسوخ نہ ہوں، ہمیں اپنی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے عالمی معیار کو اپنانا ہوگا ۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ زمین تو وہی ہے جو خدا کی بنا دی ہے ، مزید زمین نہیں آ سکتی ،اگر زمینوں پر ہاﺅسنگ سوسائٹیز بنیں گی تو فوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے ، ہمیں اپارٹمنٹس میں رہنے کا رواج عام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سے اتفاق کرتا ہوں کہ سیلز ٹیکس سنگل ڈیجٹ میں ہونا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر کسان کو اس کی فصل کی صحیح قیمت نہیں ملے گی تو وہ متنفر ہوگا اور آئندہ فصل کاشت نہیں کریگا جس سے خوراک کے مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ مذاکرات کے لئے کمیٹی بن گئی ہے جس میں دوسری جماعتوں کو بھی نمائندگی دی ہے ۔قبل ازیں صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈی انڈسٹری ابوذر شاد نے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کو خوش آمد کہتے ہوئے کہا کہ ایک گھنٹے کی ہڑتال سے ملک کو 8ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے ،سیاسی جماعتیں اسمبلیوںمیں احتجاج کریں ، ایسی قانون سازی کی جائے جس سے سڑکوں پر احتجاج پر پابند ی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ سموگ اور احتجاج کی وجہ سے 1200ارب روپے کا شارٹ فال ہے ، خطے میں اس وقت سب سے مہنگی بجلی پاکستان میں ہے ، خطے کے مختلف ممالک میںبجلی کی قیمت 4سے ساڑھے 8سینیٹ ہے جبکہ پاکستان میں اس کی قیمت16سے17سینٹ تک ہے ،کیپسٹی چارجز کی مد میں 2100ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے جسے ختم کیا جائے ۔ ایف بی آر میں دفتر دفتر کھیلا جاتاہے ، سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے ، نان ایڈ جسٹ ایبل پالیسی بنائی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں دس کروڑ 53لاکھ بینک اکاﺅنٹ ہولڈر ہیں اگر نیک نیتی دکھائی جائے تو ایک گھنٹے میں ڈیڑھ کروڑ لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہو سکتے ہیں ۔ ہم واضح کہتے ہیں ہم ٹیکس چور کے ساتھ نہیں ہےں لیکن نظام کو تو ٹھیک کریں ، ٹیکس کی شرح کو کم کی جائے گی تو ٹیکس وصولی کا حجم بڑھ جائے گا۔ انہوںنے تجویز پیش کی مختلف اداروں کے بورڈز میں لاہور چیمبر سے بھی ممبران کو لیا جائے تاکہ وہ حقائق بتائیں اور بہترین پالیسیاں بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر بھیجنے والوں کو تین سے پانچ فیصد ڈیوٹی میں رعایت دی جائے ،انہیں مراعات دی جائیں۔انہوںنے کہاکہ خوف و ہراس کی وجہ سے ایک سال میں اربوں روپے دبئی منتقل ہوا ہے اس پر سوچ بچار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیشک کالا باغ ڈیم نہ بنائیں نہریں بنا دیں تاکہ ہر سال سیلاب کی صورت میں اربوں ڈالر ضائع ہونے سے بچ سکےں ،دوہری شہریت والے بیوروکریٹس کو پابند کیا جائے کہ وہ ایک پاسپورٹ سرنڈر کریں ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروںنے چیئرمین سینٹ کو مختلف تجاویز اور اپنے مطالبات بھی پیش کی ۔لاہور چیمبر کے صدر ابوذر شاد نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

















