لاہور (کامرس رپورٹر) فضائی آلودگی اور سموگ کنٹرول کرنے کیلئے لاہور میں پاکستان کا پہلا سموگ ٹاور نصب کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سموگ ٹاور کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائےگا اور دو ہفتے بعد نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے سموگ ٹاورز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا جائیگا۔حالیہ ٹاور لاہور کے علاقہ محمود بوٹی میں سموگ ٹاور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے تعاون سے نصب کیا گیا ہے۔ ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ سموگ ٹاور ایک کلومیٹر کے ایریا میں 50 ہزار کیوبک فی گھنٹہ سے فضا کو صاف کرسکے گا، سموگ ٹاور کا کلینکل، لیب ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا، روڈا کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تجربے کا مقام فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 روز تک سموگ ٹاور کا فیلڈ ٹیسٹ کیا جائیگا، چمنیوں، انڈسٹریز، ڈمپنگ سائٹ کی کی آلودگی کو کم کرنے کا تجربہ کیا جائیگا، ائیرکوالٹی مانیٹرز سے فضا میں کیمیائی مادوں کی کمی کو چانچا جائے گا تجربہ کامیاب ہونے پر مزید سموگ ٹاور نصب کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نجی سیکٹر کے انجینئرز کی مدد سے تجربہ کیا جارہا ہے، اگر نجی سیکٹر کی کوئی کاوش ہے تو ادارہ ماحولیات اس کے ساتھ کھڑا ہے، تجربے پر پنجاب حکومت کا کوئی خرچہ نہیں آیا، تجربہ کامیاب ہوا تو مزید سموگ ٹاورز لگانے کا فیصلہ ہوگا۔ سموگ ٹاور تیار اور نصب کرنے والی کمپنی کے وائس پریذیڈنٹ طلعت قمر نے کہا کہ ٹاور کی اونچائی 20 فٹ ہے مزید 50 فٹ تک بڑھایا جاسکتا ہے، ٹاور بہت کم بجلی استعمال کریگا، اسے سولر، بیٹری اور عام بجلی پر چلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کی نامور سموگ ٹاور تیار کرنے والی کمپنیوں کی سٹڈی کے بعد یہ سموگ ٹاور مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے جس کی لاگت غیرملکی تیار کردہ سموگ ٹاور کے مقابلے تین گنا کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے لاہور میں سموگ ٹاور کی تنصیب سے پہلے لیبارٹری اور پھر اسلام آباد، گوجرانوالہ میں بھی ٹیسٹ کئے تھے اب یہاں محمود بوٹی علاقہ کا انتخاب اس وجہ سے کیا گیا ہے کہ یہاں سب سے فضائی آلودگی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز میں یہاں اے کیو آئی 1600 سے کم ہوکر 250 اور 300 تک آگیا ہے، پورے لاہور میں اگر مختلف پارکوں، شاپنگ پلازوں اور کمرشل ایریاز میں 200 ٹاور نصب کردیئے جائیں تو لاہور کو سموگ سے پاک کیا جاسکتا ہے۔
دھند اور آلودگی کنٹرول کرنے کیلئے لاہور میں پاکستان کا پہلا سموگ ٹاور نصب



















