ایتھنز، اسلام آباد (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے کہا ہے یونان کشتی حادثے میں ڈوبنے والے درجنوں پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں جن کے بچنے کی امیدیں ختم ہوگئی ہیں،یونان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے کہا حادثہ ضرورت سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا، کشتی پر 80 پاکستانی سوار تھے، نامعلوم جگہ پر ہزاروں فٹ گہرے سمندر میں ڈوب گئے، جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم لاپتہ افراد کے بچنے کی امیدیں کم ہیں،لیبیا سے غیرقانونی طریقے سے جانےوالی 5 کشتیوں پر پاکستانی سوار تھے،کشتی میں پہلے شگاف پڑا اور پھر ڈوب گئی، نعشیں حکومتی اخراجات پر پاکستان روانہ کی جائیں گی،دوسری جانب کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 46 پاکستانیوں کو یونان کے مالا کاسا کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے، زندہ بچنے والے پاکستانیوں نے اسائلم کی درخواستیں دائر کر دیں،علاوہ ازیں یونان کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوںنے سنسنی خیز انکشافات کر دئیے،حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا پانی کا بہاو¿ بہت تیز تھا، کشتی چھوٹی تھی جس میں زبردستی سوار کرایا گیا، ایک کشتی میں 84 افراد سوار تھے، تقریباً 40 افراد کو بچا لیا گیا ہے، بحری جہاز کے ساتھ ٹکرانے کے بعد کشتی الٹ گئی، کشتی میں انجن بھی ناقص کوالٹی کے تھے، موبائل فون سمیت سب کچھ سمندر میں بہہ گیا، گھر والوں سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے،کشی حادثے میں بچ جانے والوں نے ہدایت کی ہے اس طریقے سے کوئی آنے کی کوشش نہ کرے،ادھر یونان کی سمندری حدود میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتیاں الٹنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی،ایتھنز سفارتخانے نے تحقیقاتی رپورٹ حکومت پاکستان کو بھجوا دی،رپورٹ کے مطابق یونان کی سمندری حدود میں 3 کشتیوں کو حادثہ پیش آیا، تینوں کشتیاں لیبیا کے علاقے تبروک سے روانہ ہوئی تھیں، پہلی کشتی میں 6 پاکستانیوں سمیت 45 افراد سوار تھے، کشتی میں سوار پاکستانی لڑکے سمیت تمام افراد کو بچا لیا گیا،تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا دوسری کشتی میں 5 پاکستانیوں سمیت 47 افراد سوار تھے جنھیں ریسکیو کر لیا گیا ہے، تیسری کشتی میں 83 افراد سوار تھے جن میں 76 پاکستانی، 3 بنگلادیشی، 2 مصری اور 2 سوڈانی ڈرائیورز شامل تھے، تیسری کشتی کے 39 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں 36 پاکستانی شامل ہیں،ریسکیو کئے گئے افراد میں کشتی کے سوڈانی ڈرائیو کو گرفتار کر لیا گیا ہے،رپورٹ کے مطابق تیسری کشتی میں سوار 5 افراد کی نعشیں ملیں جو پاکستانیوں کی ہیں ، 5 نعشوں میں سے 4 نعشوں کی شناخت سفیان، رحمان علی، حاجی احمد اور عابد کے نام سے ہوئی تاہم 5 ویں پاکستانی کی نعش کی شناخت فی الحال نہیں ہوسکی،رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق سیالکوٹ، گجرات اور منڈی بہاو¿الدین سے ہے، تیسری کشتی میں سوار 39 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں 35 پاکستانی ہیں،دوسری جانب یونان کشی حادثے کا مقدمہ تھانہ گوجرانوالہ میں ایف آئی اے کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر میں قمر الزمان عرف خرم ججہ کو ملزم نامزد کیا گیا ہے، ملزم خرم کے بھائی عثمان سمیت چار ملزمان بھی نامزد کئے گئے ہیں۔
یونان کشتی حادثہ، درجنوں لاپتہ پاکستانیوں کے بچنے کی امیدیں ختم ہوگئیں: پاکستانی سفیر، سفارتخانے نے تحقیقاتی رپورٹ حکومت کو دیدی

















